نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کی تیاریوں پر بین الوزارتی اجلاس ہوا، جس میں کمیشن کے 8ویں اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے ایجنڈے، معاہدوں اور انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور عمان کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس منعقد ہو گا، اجلاس کی مشترکہ صدارت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور عمان کے وزیر خارجہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مشترکہ وزارتی کمیشن میں تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، زراعت اور مالیات کے شعبوں میں تعاون پر توجہ دی جائے گی، پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن میں تیل و گیس، محنت، قونصلر امور اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بھی زیر غور آئے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دفاع، ماحولیاتی تبدیلی، سول ایوی ایشن، تعلیم، میڈیا اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے میں مشترکہ وزارتی کمیشن کی اہمیت پر زور دیا اور تمام متعلقہ اداروں کو جامع تیاریوں اور مؤثر فالو اَپ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس سے ٹھوس نتائج کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے تیاریوں کو یقینی بنائیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق معاون خصوصی طارق باجوہ، اقتصادی امور ڈویژن، داخلہ اور بحری امور کے سیکریٹریز، عمان میں پاکستان کے سفیر، وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔