• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمھاری حکومت ہے نکال کر لاؤ بھارت میں نوازشریف کا کونسا کاروبار ہے ؟ مریم نواز


پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے خلاف تمھاری سب تدبیریں بیکار اور چالیں ناکام ہوگئیں، تمھاری حکومت ہے نکال کر لاؤ بھارت میں نوازشریف کا کونسا کاروبار ہے؟۔

پلندری آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں جلسوں نے انداز ہی بدل دیا ہے، آپ لوگوں نے نواز شریف کا دل خوش کردیا، دشمنوں نے نواز شریف کے ساتھ کیا کچھ نہیں کیا، کیا تم نوازشریف کی محبت لوگوں کے دلوں سے کم کرسکے؟۔

مریم نواز نے کہا کہ عوام کے دلوں میں نواز شریف کی محبت پہلے سے بڑھ گئی، ہر جھوٹے سزا اور مقدمے کے بعد عوام کے دلوں میں نوازشریف کی محبت بڑھتی گئی، عوام کی نوازشریف سے محبت اب جنون میں تبدیل ہوگئی ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں ںوازشریف نے 6 ایٹمی دھماکے کیے، مودی کی جھولی میں تحفے کے طور پر کشمیر کون پھینک کر آیا؟، نوازشریف نے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا تم نے کیا کیا؟، کشمیر کا مقدمہ ہارنے کے بعد ورلڈ کپ سے 2 منٹ کی خاموشی نکلی۔

مریم نواز نے کہا کہ دنیا نے نواز شریف کو ایٹمی دھماکوں سے روکنے کی کوشش کی، نوازشریف نے کہا گھاس کھائیں گے لیکن ایٹمی دھماکوں پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں بھارتی حکمران خود پاکستان چل کر آئے، عمران خان کہتا ہے ایک میرا فون نہیں اٹھاتا دوسرا امریکا نہیں بلاتا۔

مریم نواز نے کہا کہ کشمیر کا سودا امریکا میں عمران خان کی مرضی سے ہوا ہے، 73 سال کی تاریخ میں کوئی کشمیر فروش ہے تو وہ ایک بدقسمت شخص کا نام ہے عمران خان ۔

نائب صدر ن لیگ نے مزید کہا کہ بڑا نواز شریف نواز شریف کرتے ہو، صبح شام نواز شریف کا نام انگلیوں پر پڑھتے ہو، آج بھی تمھیں نواز شریف سے جیتنے کے لیے الیکشن چوری کرنا پڑتا ہے، عمران خان یاد رکھو اور اپنے بڑوں کو سمجھادو، ن لیگ اب وہ پرانی مفاہمت پسند جماعت نہیں، مسلم لیگ ن اب مزاحمت کرنا سیکھ گئی ہے آواز اٹھانا سیکھ گئی ہے۔

 مریم نواز نے کہا کہ اب ووٹ چوروں کے حلق میں ہاتھ ڈال کر اپنی سیٹ نکالنا جانتے ہیں، ن لیگ نوشہرہ میں تمہارے گھر میں گھس کر تمہیں مکا مار کر ہرانا بھی جانتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا نام لو تو کشمیر فروشی یاد آجاتی ہے، عمران خان آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی سازش تیار کرچکا ہے، کیا آپ لوگ عمران خان کو اجازت دیں گے کہ وہ تم سے تمہاری آزادی چھین لے؟ آزاد کشمیر صوبہ بنا تو دوسری طرف جو قربانیاں دے رہے ہیں ان کا مقدمہ کون لڑے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے وزراء یہاں پیسے بانٹتے پھر رہے ہیں، عمران خان عوام کے چہروں سے مسکراہٹیں چھیننے کا ذمہ دار ہے، وہ شخص جھاڑ پھونک کے ذریعے 22 کروڑ عوام کی قسمت کے فیصلے کا ذمہ دار ہے، یاد رکھنا عمران خان کروڑوں عوام کو بے روزگار کرنے کا ذمہ دار ہے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ  عمران خان عوام سے آٹا، چینی، گیس، بجلی چھیننے کا ذمہ دار ہے۔

تازہ ترین