• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرول، ڈیزل، LPG مزید مہنگے، پٹرول 5.40، ڈیزل 2.54، لائٹ ڈیزل 1.27، مٹی کا تیل 1.39 روپے فی لٹر بڑھ گیا، LPG پانچ روپے مہنگی

پٹرول، ڈیزل، LPG مزید مہنگے


کراچی، اسلام آباد(جنگ نیوز، خبر ایجنسی) پٹرول، ڈیزل، LPG مزید مہنگے ،پٹرول 5.40، ڈیزل 2.54، لائٹ ڈیزل 1.27، مٹی کا تیل 1.39 روپے فی لٹر بڑھ گیا، LPG پانچ روپے مہنگی ہوگئی جس کے بعدفی لیٹر پٹرول 118.09، ڈیزل 116.53، لائٹ ڈیزل 84.67، مٹی کا تیل 87.14 روپے ، LPG گھریلو سلنڈر1950، کمرشل 7490روپے ہوگیا۔

حکومت کاکہناہےکہ وزیراعظم نے سفارش کے برعکس عوام کو حددرجہ ریلیف دیا، پٹرولیم مصنوعات علاقے میں سب سے سستی ہیں جس پر اپوزیشن کا کہنا ہے کہ یہ تباہی سرکار کا منی بجٹ ہے، اپوزیشن جماعتوں نےحکومتی فیصلہ کیخلاف آج ایوانوں میں سخت احتجاج کا فیصلہ بھی کیا۔

شہباز گل کاکہناہےکہ اوگرا سفارشات کے برعکس قیمتیں نہ بڑھاکر عوام کو ریلیف دینے کے نتیجے میں پڑنے والا بوجھ حکومت برداشت کریگی،جس پرشہباز شریف کاکہناتھاکہ پٹرول کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، شیری رحمان کاکہناتھاکہ عید پر حکومت نے یہ ریلیف دیا ہے؟

وزارت خزانہ کی طرف سے جمعرات کو جاری نوٹیفیکیشن میں بتایا گیاہے کہ عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے حکومت اپریل 2021سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرتی چلی آرہی ہے، بین الاقوامی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود حکومت نے اضافہ کا سارابوجھ عوام پرنہ ڈالنے کافیصلہ کیا، اس مقصد کیلئے حکومت نے سیلزٹیکس کی شرح اورپٹرولیم ڈیوٹی کی اس طرح سے ایڈجسٹمنٹ کی کہ جس سے عام صارفین کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم ہو۔

وزارت خزانہ کے مطابق یہ بات بھی قابل غورہے کہ آئل اینڈگیس ریگولیٹری اتھارٹی نے پٹرول کی قیمت میں 11.50 روپے فی لیٹر اضافہ کی سفارش کی تھی تاہم عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے وزیراعظم نے صرف 5.40 روپے فی لیٹر اضافہ کی منظوری دی۔

وزارت خزانہ کے مطابق 16 جولائی (جمعہ) سے پٹرول کی فی لیٹرقیمت میں 5.40 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 2.54 روپے، کیروسین آئل 1.39 روپے اورلائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.27 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیاہے، قیمتوں میں اضافہ کے بعد فی لیٹرپٹرول کی قیمت 118.09 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 116.53روپے، کیروسین آئل 87.14 روپے اورلائٹ ڈیزل کی قیمت 84.67روپے فی لیٹرہوگئی ہے۔

دوسری جانب ایل پی جی کی قیمت میں بھی 5روپے فی کلو کا اضافہ کر دیا گیا ہے،چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز عرفان کھوکھر نے بتایا ہے کہ ایل پی جی 165 روپے کلو میں فروخت کی جا رہی ہے اور گھریلو سلنڈر 60 روپے اضافے کے بعد 1950 روپے میں فروخت ہو رہا ہےجبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 225 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے اور کمرشل سلنڈر 7490 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں لوکل پیداوار میں اضافہ نا گزیر ہے، گیس قیمتوں میں اضافے اور چھاپوں کے خلاف31 جولائی کو ہڑتال کریں گے۔

ادھر وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اوگرا کی سفارشات کے برعکس عوام کو حد درجہ ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ، عالمی منڈی میں گزشتہ کئی ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 11.40 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔

وزیر اعظم نے عوامی مفاد میں پٹرول کی قیمت میں محض 5.40 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی ہے، اوگرا تجویز کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی غرض سے کیے جانے والے اس فیصلے کے نتیجے میں پڑنے والا بوجھ حکومت خود برادشت کرے گی۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی سطح پر بڑھ رہی ہیں، خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں پٹرول سستا ہے،ایک پروگرام میں ان کاکہناتھاکہ ہم گزشتہ 4 سے 5ماہ کے دوران بتدریج پٹرولیم لیوی کو کم کرتے رہے اور ایک وقت ایسا بھی آیا کہ پٹرولیم لیوی بالکل ختم کر دی گئی، بھارت میںپٹرول 220روپے فی لیٹر جبکہ بنگلہ دیش میں 170روپے فی لیٹر ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے اضافے کو مستردکرتے ہوئے حکومتی فیصلہ کے خلاف آج (جمعہ کو) پارلیمینٹ کے دونوں ایوانوں میں سخت احتجاج کا فیصلہ کرلیا، اپوزیشن نے واضح کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 60ڈالر فی بیرل ہے،تباہی سرکار 118روپے فی لیٹر فروخت کر رہی ہے، اپوزیشن کے دور میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 120 ڈالر ملک میں 63 روپے لیٹر تھی ۔

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے پٹرول کی قیمت میںاضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عید سے پہلے تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ قابل افسوس ہے،کیا حکومت نے عوام کو عید پر یہ ریلیف دیا ہے؟ تباہی سرکار منی بجٹ پیش کر کہ کہتی ہے عوام کو ریلیف دیا ہے؟پہلے ہی مہنگائی کی مجموعی شرح 12 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔

پٹرولیم لیوی کا ہدف حاصل کرنے کے لئے عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلا جا رہا،حکومت تیل کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے۔قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے مہنگائی کے ظلم کا آج ایک اور ریکارڈ قائم کیا ہے،پٹرول کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔

تازہ ترین