ٹیلی ویژن انڈسٹری کی صف اول کی اداکارہ یمنیٰ زیدی زیبا بختیار کے صاحبزادے آذان سمیع خان کے مد مقابل پہلی بار ہیروئن جلوہ گر ہوں گی۔
یمنیٰ زیدی اِن دنوں شہرت کی بلندیوں پر ہیں، نامور اداکارہ سجل علی بھی یمنیٰ زیدی اور آذان سمیع خان کے ساتھ نظر آئیں گی، اس پروجیکٹ کی شوٹنگ تیزی سے جاری ہے۔
نامور موسیقار آذان سمیع ان دنوں سوشل میڈیا میں خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں، پہلے بشریٰ انصاری کے ساتھ ان کے رقص کی ویڈیو وائرل ہوئی، علاوہ ازیں شائقین نامور اداکارہ ماہرہ خان اور مایا علی کے ساتھ اذان سمیع خان کو گانوں کی وڈیوز میں دیکھ چکے ہیں۔
اداکارہ یمنیٰ زیدی کا اپنے نئے پروجیکٹ کے بارے میں کہنا ہے کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ میں ہر کردار میں ڈوب کر پرفارمنس دوں اور ناظرین کے دل جیت لوں، آذان سمیع خان کے ساتھ پہلی بار اسکرین پر نظر آؤں گی اور میرے ساتھ سجل علی بھی ہیں۔
نہایت قلیل عرصے میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی باکمال اداکارہ یمنیٰ زیدی کا کہنا تھا کہ میں بہت جگہ پڑھتی ہوں اور لوگوں کا ردعمل دیکھتی ہوں کہ یمنیٰ زیدی نے بغیر میک اپ کے کام کیا تو میں اس بات کی وضاحت کرنا چاہوں گی کہ میں نے بِنا میک اپ کے کبھی کام نہیں کیا۔
درجنوں ڈرامہ سیریل میں مرکزی کردار ادا کرنے والی یمنیٰ زیدی نے بتایا کہ بغیر میک اپ میں بہتر دکھتی ہوں لیکن ہر کردار کی مناسبت سے میک اپ لازمی ہوتا ہے، اگر کسی ڈرامے میں چہرے کا رنگ گہرا ہوتا ہے تو اسے بھی بیس سے بنایا جاتا ہے، یہاں تک کہ آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے بھی بنائے جاتے ہیں۔
علاوہ ازیں اداکارہ نے اپنے پسندیدہ ساتھی اداکاروں سے متعلق بھی بتایا اور کہا کہ مجھے آذان سمیع خان کے ساتھ کام کرکے بہت اچھا لگا، وہ انتہائی محنتی اور قابل فنکار ہیں اور میں ان کی پرفارمنس سے بہت متاثر ہوں۔
یمنیٰ زیدی نے احمد علی اکبر اور زاہد احمد کو بھی پسندیدہ اداکار قرار دیا، ایک انٹرویو کے دوران یمنی زیدی کا کہنا تھا کہ وہ ہر اداکار کے ساتھ ایک محفوظ فاصلہ رکھتی ہیں۔