• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ کا آغاز امریکا نے کیا، خاتمہ ہم کریں گے: ایران

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

ایران نے امریکا کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کا آغاز تم نے کیا، خاتمہ ہم کریں گے۔ 

ایرانی فوج کے سینٹرل کمانڈ کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے امریکا کو سخت نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حملوں کے بعد اب ایران کے لیے جائز اہداف کی فہرست وسیع ہو چکی ہے، امریکا کے خلاف سنگین نتائج رکھنے والے طاقتور آپریشنز متوقع ہیں۔

امریکا نے تینوں ایرانی جوہری تنصیبات کو 12 بنکر بسٹر بموں، 30 ٹوماہاک میزائلوں سے نشانہ بنایا

امریکا نے ایران پر بنکر بسٹر بموں اور میزائلوں سے حملہ کر دیا، امریکا کی جانب سے فردو، نطنز اور اصفہان کی 3 جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، حملہ کر کے امریکا بھی اسرائیل کی ایران پر مسلط کردہ جنگ میں شامل ہو گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق فردو کی جوہری تنصیب پر 6 بی ٹو بم بار طیاروں نے 12 بنکر بسٹر بم گرائے، اصفہان اور نطنز کی تنصیبات کو امریکا نے 30 ٹوماہاک میزائلوں سے نشانہ بنایا، امریکی میڈیا کے مطابق ٹوماہاک میزائل 400 میل دور سب میرین سے فائر کیے گئے۔ صدر ٹرمپ نے امریکی فوجی کارروائی کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ دنیا کی کوئی اور فوج یہ نہیں کرسکتی تھی، ایران کو دھمکی دی کہ اگر اب بھی امن قائم نہ کیا تو اگلی امریکی کارروائی زیادہ خطرناک اور تیز ہو گی۔ اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ میں شمولیت پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا نے ریڈلائن کراس کی ہے، اب ایران کے جواب کا انتظار کرے، امریکا اپنی جارحیت کے نتائج کا خود ذمے دار ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی کارروائیوں نے خطے میں ایران کی دفاعی حکمتِ عملی کو نئی جہت دے دی ہے، تناز ع میں امریکا کے داخل ہونے سے جائز اہداف کا دائرہ وسیع ہو گیا ہے اور ہم مکمل تیاری کے ساتھ اپنے مفادات کا دفاع کریں گے۔

ایرانی ترجمان نے اپنے بیان کے اختتام پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے ان کو گیمبلر (جواری) قرار دے دیا اور کہا کہ مسٹر ٹرمپ جنگ کا آغاز تم نے کیا تھا لیکن ہم اس کو اختتام تک پہنچائیں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید