آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے آرٹس کونسل انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کرافٹس کے فارغ التحصیل طلبا و طالبات کے اعزاز میں تقریبِ تقسیم ایوارڈز آرٹس کونسل آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی، جس کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید سردار علی شاہ تھے۔
تقریب میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، سیکریٹری اعجاز احمد فاروقی اور پرنسپل ACIAC شاہد رسام نے شرکت کی۔ جبکہ نظامت کے فرائض ہما میر نے انجام دیے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے کہاکہ یہ معاشرہ آرٹ کے بغیر نہیں چل سکتا، ہمیں تخلیقی فنکار اور صادقین چاہئیں، آپ میں سے کوئی پکاسو ہوگا کوئی مائیکل اینجلو ہوگا، امید ہے کہ آرٹس کونسل بہت جلد جامعہ میں تبدیل ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ بہت اچھا لگا یہ دیکھ کر کہ یہاں ہر طبقے سے تعلق رکھنے والا طالب علم موجود ہے جس کا سہرا صدر آرٹس کونسل احمد شاہ کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ سب اکیڈمی کی زندگی سے نکل کر عملی زندگی میں داخل ہوگئے ہیں جو کچھ آپ نے سیکھا ہے وہ اب دنیا کو واپس کرنا ہے۔
وزیرثقافت سید سردار علی شاہ نے پوزیشن لینے والے طلباء کو 3 لاکھ روپے نقد انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ طلباء پر فخر محسوس کرتا ہوں جنہوں نے آج آرٹس کونسل کی عزت میں اضافہ کیا ہے۔ میں نے آپ سب طالب علموں کا کام دیکھا ہے، جب یہ بچے آرٹس کونسل آئے تو سہمے ہوئے پرندے کی مانند تھے، سب نے پانی سے رنگوں سے مٹی سے اپنی دنیا بنائی، آپ سب آرٹس کونسل کے ایلمنائے بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیر ثقافت نے پوزیشن ہولڈرز کو ایوارڈز دیئے کیونکہ وہ آرٹ کے بارے میں بہت کچھ جانتے ہیں، ACIAC کے پرنسپل شاہد رسام نے کہا کہ محمد احمد شاہ کا خواب پورا کرنے کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ACIAC کا نام پوری دنیا میں مشہور ہوگا۔
آج ہمارا اسکول پورے پاکستان میں ایک پہچان بن چکا ہے، میں اپنے اسکول کے اساتذہ سمیت پوزیشن ہولڈرز اور تمام طلباء و طالبات کو بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے ادارے کے طالبعلم نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک میں بھی کام کر رہے ہیں اور پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔
اس موقع پر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے صدر محمد احمد شاہ نے سید سردار علی شاہ کو گلدستہ پیش کیا۔
پوزیشن ہولڈرز میں فاؤنڈیشن ڈپارٹمنٹ کی زرناب آفتاب، رابعہ علی، وسامہ ناصر، فرسٹ ایئر میں حبیبہ مجیب، اسد علی، سچن کمار، کرن اسلم، آکاش جوراج، سید نور حسین، چار سالہ ڈپلومہ میں تسنیم شبیر، روما، دو سالہ سرٹیفکیٹ میں رمشا خان، محمد جواد جان، بہزاد احمد اور ارماش سلیم شامل ہیں۔