پاکستان میں پابندی لگنے اور ہٹنے کے عمل سے دوچار رہنے والی ویڈیو شیئر اپیلی کیشن ٹک ٹاک پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی اکاؤنٹ بنالیا۔
صدرِ پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں ڈاکٹر عارف علوی کے ٹاک ٹاکر بننے کی تصدیق کی گئی ہے۔
صدر مملکت کے پاکستان میں فحش و نامناسب مواد کی وجہ سے تنازع کا شکار رہنے والی اپیلی کیشن پر اکاؤنٹ بنائے جانے پر سوال اٹھ گیا۔
پوچھا جارہا ہے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے یہ قدم کیوں اٹھایا؟ سرکاری ٹوئٹ میں کہا گیا کہ اب صدر مملکت ٹک ٹاک پر بھی ہیں۔
ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ نئی نسل میں مثبت رجحانات کی ترویج کےلیے صدر مملکت ٹک ٹاک پر پیغامات جاری کریں گے۔
اپنی پہلی ویڈیو میں صدر کو کہتے سنا جاسکتا ہےکہ وہ اس ملک میں ایسے خواب دیکھنے والے شخص ہیں جو ہر چیز میں روشنی کی ایک کرن دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے لیے پاکستان ایک آفتاب کی شکل اختیار کررہا ہے۔
صدر مملکت کی ٹک ٹاک پر موجودگی کی اطلاع پر لوگوں نے مختلف انداز میں ردعمل کا اظہار کیا، کچھ نے خوشی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ اب ٹک ٹاک پاکستان میں بند نہیں ہوگی۔
وہیں کچھ لوگوں نے صدر مملکت پر طنز و تنقید بھی کی۔ صدر مملکت کے اس اعلان پر تنقید اور تعریف کرنے والے دونوں ہی اپنے جذبات کا خوب اظہار کررہے ہیں۔