پاکستان کی صفِ اول کی ماڈل سبیکا امام نے گلوکار اذان سمیع خان کے حوالے سے دیے گئے اپنے بیان پر ناقدین کو کرارا جواب دے دیا۔
سبیکا امام نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ’اگر آپ لوگ بُرا بھلا کہیں تو وہ سب ٹھیک ہے لیکن اگر میں بطورِ آرٹسٹ اپنے خیالات کا اظہار کروں تو وہ حسد ہے؟‘
ماڈل نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’سلمان خان کی بات بالکل درست ہے کہ ’میں کروں تو سالا کریکٹر ڈھیلا ہے۔‘
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ DoubleStandards کا بھی استعمال کیا جس کا مطلب ہے دوہرا معیار۔
واضح رہے کہ اذان سمیع نے اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھ دیا اور اُن کا ڈیبیو پاکستان کی نامور اداکاراؤں سجل علی اور یمنیٰ زیدی کے ڈرامے سے کیا جائے گا جو کہ نجی ٹی وی چینل پر نشر ہوگا۔
سبیکا امام نے سابق پاکستانی گلوکار عدنان سمیع کے بیٹے اذان سمیع کے ایکٹنگ ڈیبیو پر طنزیہ انداز میں کہا تھا کہ اب تو ایسا لگتا ہے کہ آپ کو اداکاری کی دُنیا میں اپنا ڈیبیو کرنے کے لیے تجربے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ آپ اسکرین پر سجل علی اور یمنیٰ زیدی کے ساتھ نظر آئیں گے۔
ماڈل نے طنزیہ انداز میں کہا تھا کہ مجھے بھی اتنی اچھی قسمت چاہیے کہ جہاں مجھے کسی چیز کے لیے محنت نہ کرنی پڑے بلکہ سب کچھ پلیٹ میں رکھ کر مجھے مِل جائے۔
سبیکا امام نے اپنے ٹوئٹ میں اذان سمیع کا نام تو نہیں لکھا لیکن اُن کے ٹوئٹ میں سجل اور یمنیٰ زیدی کا نام دیکھنے کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے کہ اُنہوں نے ڈھکے چُھپے الفاظ میں گلوکار پر ہی تنقید کی ہے۔