• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران صاحب خود کو ہر قانون اور ضابطے سے بالاتر سمجھتے ہیں: مریم اورنگزیب


مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران صاحب خود کو ہر قانون اور ضابطے سے بالاتر سمجھتے ہیں، خود مختار اداروں، الیکشن کمیشن اور ریاستی اداروں کو عمران صاحب خاطر میں نہیں لاتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ قانون اور اداروں کو خاطر میں نہ لانے کا عملی مظاہرہ عمران صاحب نے گزشتہ روز کیا، الیکشن کمیشن عمران صاحب کو نوٹس جاری کرے۔ 

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جیسے ہی الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر سے نکلنے کا حکم دیا عمران صاحب ہیلی کاپٹر اپنے ساتھ لے آئے، عمران صاحب نے قانونی حکم کی خلاف ورزی کرکے الیکشن کمیشن کو چیلنج کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ رویہ عمران صاحب کی مجرمانہ اور فسطائی ذہنیت کا ثبوت ہے، عمران صاحب نے پہلے گالی گلوچ بریگیڈ کو آزاد جموں و کشمیر بھیجا، نوٹ نہ چلے تو گولی چلائی، اب کھلم کھلا الیکشن کمیشن کے حکم کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ڈسکہ والی ووٹ چوری کے ہتھکنڈوں کا آزاد کشمیرکے عوام ڈسکہ کے عوام کے انداز میں جواب دیں گے۔

تازہ ترین