کراچی / نارووال (نیوز ایجنسیز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے افغان سفیر کی بیٹی کے اغوأ کے معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کردیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے افغان سفیر کی بیٹی کیساتھ وفاقی دارالحکومت میں پیش آنے والے واقعے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے وزیر داخلہ سے مستعفی ہونے اور واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچا نے کا مطالبہ کیا۔ ادھر سیکرٹری جنرل مسلم لیگ نون احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، افغان سفیر کی بیٹی پر حملے پر وزیر داخلہ کو استعفیٰ دینا چاہیے ، افغان کانفرنس کو ملتوی کرنا پڑا، یہ بڑی سفارتی ناکامی ہے۔