کراچی،اسلام آباد (نمائندہ جنگ، جنگ نیوز) بھارتی کورونا پنجے گاڑنےلگا،کراچی میں 92فیصد کیسز، لاہور میں مزید 56افراد متاثر، گوجرانوالہ میں فوج طلب،شہر قائد میں مثبت کیسز کی شرح23سےمتجاوز، سول اسپتال میں آپریشن منسوخ،ملک بھر میں2607نئے مریض، پنجاب میں عیدالاضحی کے پیش نظر اسپیشل ایس او پیز جاری کردیے گئے۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 48 ہزار 816 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2607 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 21افراد انتقال کر گئے، سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.34 رہی، ملک میں کوروناوائرس کے فعال کیسز کی تعداد 47331تک پہنچ گئی، اس وقت ملک میں کوروناوائرس تشویشناک حالت میں موجود مریضوں کی تعداد2550تک پہنچ گئی ۔ادھر نمائندہ جنگ کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے رپورٹ ہونےوالے کیسز میں سے 92؍ فیصد بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے ہیں، سول اور جناح اسپتال میں مزید و ارڈز کووڈ۔19 وارڈز میں منتقل کردیئے گئے ہیں کیونکہ مثبت کیسز کی شرح 23.32 تک پہنچ گئی ہے، سول اسپتال میں 48؍ بستروں پر مشتمل سرجیکل وارڈ کو کووڈ۔19 وارڈ میں تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ جناح اسپتال پلمونولوجی وارڈ کواسی مقصد کے لئے تیار کیا جارہا ہے، یہ بات محکمہ صحت سندھ کے اعلی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتائی، ان کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کیئر عملے کو کورونا وائرس کا شکار ہونے سے بچانے کے لئے سول اسپتال میں آپریشن منسوخ کردیئے گئے ہیں،کراچی ایک سنگین طبی بحران کی طرف بڑھ رہا ہے، ان کا دعویٰ ہے کہ اپریل میں مریضوں کی تعداد 390؍ سے 4گنا بڑھ کر جولائی کے وسط تک تقریباً ایک ہزار ہوگئی ہے،وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس آج ہورہا ہے، وبائی امراض کے ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کا بھارتی ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ جامعہ کراچی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی میں تشخیص کے بعد کراچی میں صورتحال خطرناک ہوگئی ہے جس کے بحران بننے کا بھی خدشہ ہے، کراچی یونیورسٹی کے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اور بائیولوجیکل سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹراقبال چوہدری نے کہا کہ بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ انتہائی متعدی مرض اور بڑی تعداد میں لوگوں کو متاثر کرتا ہے، گزشتہ 24؍ گھنٹوں کے دوران 18؍ زندگیاں کورونا وائرس کی نذر ہوئیں۔مزید برآں ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب کے مطابق لاہور میں 56افراد میں ڈیلٹا وائرس کی تصدیق ہو ئی ہے، شہر میں ڈیلٹا وائرس کی روک تھام کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں، ڈیلٹا وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار دوسرے وائرس سے 50فیصد زیادہ ہے،سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب نےڈیلٹا وائرس اور عیدالاضحی کے پیشِ اسپیشل ایس او پیز جاری کر دیئے ۔’’آگاہی ویک برائے کورونا ایس او پیز اور ویکسی نیشن‘‘کا دورانیہ 25جولائی تک بڑھا دیا گیااور اس حوالے سے صوبہ بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے ، دوسری طرف گوجرانوالہ میں کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے فوج کو طلب کر لیا گیا ہے، پاک فوج کے دستے شہر کے مختلف علاقوں میں پہنچ گئے ،کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر پہلے وارننگ پھر مقدمات اور گرفتاریاں ہونگی ۔ادھر خیبرپختونخوا میں کورونا کی نئی اقسام ڈیلٹا، الفا اور بِیٹا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ویکسینیشن کا عمل تیز کرنے اور وبا سے متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈان لگانے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں،عہدیداروں نے بتایا کہ محکمہ صحت نے کورونا کے مثبت کیسز کے 50 نمونے قومی صحت کے انسٹی ٹیوٹ آف اسلام آباد کو ارسال کیے تھے جن میں سے 16 ڈیلٹا اور 5 الفا ویرینٹ پائے گئے، این آئی ایچ نے گزشتہ ماہ وائرس کے الفا، بیٹا اور ڈیلٹا ویرینٹ کے 8 کیسز کی تصدیق کی تھی۔ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ صوبے میں کوروناکیسزکی تعدادمیں اضافہ ہورہاہے ،بلوچستان میں مثبت کیسزکی شرح 10سے زائدہےجولوگ ویکسین نہیں لگوارہے ان کاسرکاری دفاترمیں داخلہ بند کردیاجائے گا۔