• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان سفیر کی بیٹی کا معاملہ، شیخ رشید کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا اور تشدد کے معاملہ پر مسلم لیگ نون نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے استعفے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی ۔

قرارداد پاکستان مسلم لیگ نون کی رکنِ پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی ۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ وزارت داخلہ ملک میں امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان کے سفیر کی بیٹی پر تشدد کا واقعہ 16 جولائی کو اسلام آباد میں پیش آیا تھا جس کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان نے افغان سفیر کی بیٹی کے اغواء کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ داخلہ شیخ رشید کو ہدایت کی تھی کہ ملزمان کو 48 گھنٹوں میں گرفتار کیا جائے۔

دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغواء اور تشدد کا معاملہ ناقابلِ برداشت ہے، سفارت کاروں اور ان کے اہلِ خانہ کی سیکیورٹی کیلئے پُرعزم ہیں۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ افغان سفارت خانے نے اطلاع دی تھی کہ افغان سفیرکی بیٹی پر کار میں سوار ہوتے وقت حملہ کیا گیا۔

دوسری جانب  جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ افغان سفیر کی بیٹی اغوا نہیں ہوئی، میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ یہ انٹرنیشنل ریکٹ ہے یہ بین الاقوامی سازش ہے یہ را کا ایجنڈا ہے ، یہ را نے ساری دنیا میں یہ بات پھیلائی ہے، افغان سفیر کی لڑکی کو اغوا نہیں کیا گیا۔

تازہ ترین