سیکریٹری جنرل مسلم لیگ نون احسن اقبال کا کہنا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی پر حملے پر وزیرِ داخلہ شیخ رشید کو استعفیٰ دینا چاہیئے۔
انہوں نے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بدقسمتی سے پاکستان کے تمام سیکیورٹی اداروں کو پولیٹیکل ٹاسک دیئے گئے ہیں، پہلے سیکیورٹی اداروں کو کہا گیا کہ گلگت بلتستان الیکشن جیت کے دو، اب سیکیورٹی اداروں کو آزاد کشمیر الیکشن کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے دور میں آئی بی نے دہشت گردی کے خلاف کارہائے نمایاں خدمات انجام دیئے، آج پوری کی پوری آئی بی کو سیاسی مخالفین کے خلاف جھونک دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں افغان سفیر کی بیٹی پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، افغان سفیر کی بیٹی پر حملے پر وزیرِ داخلہ کو استعفیٰ دینا چاہیئے۔
احسن اقبال نے کہا کہ افغان کانفرنس کو ملتوی کرنا پڑا، یہ بڑی سفارتی ناکامی ہے، وزیرِ اعظم عمران خان نے ٹی وی پر بیٹھ کر اداکاری کر کے نمبر بنانے کی کوشش کی، امریکا نے کہہ دیا ہم نے تو اڈے مانگے ہی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے تو امریکی صدر کو نو نو کہہ کر 6 ایٹمی دھماکے کیئے تھے۔
احسن اقبال نے کہا کہ عوام اشیائے خورونوش جب خریدتے ہیں تو آپ کو گالیاں دیتے ہیں، نواز شریف کے مقدر میں قوم کی دعائیں ہیں آپ کے مقدر میں قوم کی گالیاں ہیں۔