سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے جنرل سیکریٹری راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ معلوم نہیں حکومت ای سی ایل میں نام ڈال کر کیا پیغام دینا چاہتی ہے، یوسف رضا گیلانی کو مستعفی ہونے کے مشورے دینے والے نوازشریف تحقیقات ہونے تک خود مستعفی کیوں نہیں ہوجاتے۔
اسلام آباد میں نجی یونیورسٹی کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ملک چھوڑ کر کہاں جاؤں گا، میرا کوئی اثاثہ بیرون ملک نہیں ہے۔
جمہوریت کے دشمن کو جعلی میڈیکل کی بنیاد پر باہر جانے دیا گیا اور سیاسی لوگوں کو نت نئے ہتھکنڈوں سے پریشان کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الزامات پر یوسف رضا گیلانی کو استعفیٰ کا مشورہ دینے والے نوازشریف اب خود مستعفی کیوں نہیں ہوجاتے۔