• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹوریج اور ڈیکوریشن کیلئے گھر میں شیلف بنوائیں

ہر کوئی اپنے گھر کو سجانے سنوارنے کی خواہش رکھتا ہے تاکہ وہ دکھنے میں خوبصورت لگے۔ تاہم، ایسے میں ایک اہم مسئلہ چیزوں کو سنبھال کر رکھنے اور آرائشی اشیا کو سجانے کا ہوتا ہے۔ ایسے میں سمجھ نہیں آتا کہ کریں تو کیا کریں۔ کچھ چیزیں دکھنے میں بے حد سادہ لیکن کارآمد ہوتی ہیں۔ بظاہر ان کی موجودگی کا احساس نہیں ہوتا، لیکن ان کے بنا گھر میں اسٹوریج یا ڈیکوریشن کا تصور بے حد مشکل لگتا ہے۔ 

جی ہاں! ہم بات کررہے ہیں شیلف کی، جوکہ ہر گھر کی ایک اہم ضرورت ہے۔ عموماً یہ لکڑی کے تختوں سے بنے ہوتے ہیں، جو دکھنے میں بظاہر سادہ سے لگتے ہیں۔ تاہم، ان میں جب سامان رکھا جاتا ہے یا آرائشی اشیا سجائی جاتی ہیں تو پھر ان شیلف کی قدروقیمت کا اندازہ ہوتا ہے۔

شیلف کو گھر کے کسی بھی حصے میں لگوایا جاسکتا ہے۔ شیلف کو لکڑی کے علاوہ کسی دوسرے مٹیریل سے بھی بنوایا جاسکتا ہے مگر خوبصورتی لکڑی سے ہی آتی ہے۔ آجکل منفرد ڈیزائن اور رنگ کے شیلف بنائے جارہے ہیں جو سامان رکھنے کی جگہ مہیا کرنے کے ساتھ گھر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔ اگر آپ مکان تعمیر کروارہے ہیں تو دیوار میں بلٹ اِن شیلف بھی بنوائی جاسکتے ہیں۔ 

شیلف کو سامان رکھنے، کسی جگہ کو تقسیم کرنے، آرائشی اشیا سجانے اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتاہے۔ آج کے مضمون میں ہم شیلف کے ذریعے گھر کی جدید سجاوٹ اور اسٹوریج سے متعلق آئیڈیاز پر روشنی ڈالیں گے۔ ساتھ ہی شیلف کے ان ٹرینڈز کا ذکر کریں گے جن میں سے کوئی آپ اپنے گھر کے لیے انتخاب کرسکتے ہیں۔

ماڈیولر شیلف

گھر کے مختلف کمروں میں طرح طرح کی آرائشی اشیا اور سامان سجانے کا رجحان زور پکڑ گیا ہے۔ ماڈیولر شیلف کا استعمال کرکے آپ اس میں اپنی کتابیں، آرائشی اشیا اور یہاں تک کہ پودے بھی رکھ سکتے ہیں۔ کمرے میں پودے رکھنے کے لیے ماڈیولر شیلف کا استعمال بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔ ان شیلف کو کمرے کی کسی بھی ایک دیوار پر لگانے کے بعد ان پر گملے رکھے جاسکتے ہیں۔ یہ ایک طرف آپ کے کمرے کی سجاوٹ میں اضافہ کریں گے تو دوسری طرف ان کے ذریعے کمرے میں آکسیجن کی فراہمی ہوگی اور درجہ حرارت میں کمی آئے گی۔

لائبریری شیلف

یہ عام طور پر کلاسیکل طرز پر بنے لکڑی کے شیلف ہوتے ہیں جن میں مختلف مضامین کی کتابیں رکھنے کے لیے الگ الگ خانے بنوائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ ان میں آرائشی اشیا سجاکر ان کی خوبصورتی بڑھاسکتے ہیں۔ یہ فرش سے عموماً چھ فٹ اونچے ہوتے ہیں، لیکن اگر آپ کے گھر میں باقاعدہ لائبریری ہے تو آپ ان کی اونچائی چھت تک بھی بڑھاسکتے ہیں۔ لائبریری شیلف کو سجاوٹی نقطہ نگاہ سے کسی مناسب جگہ رکھنے کے حوالے سے اکثر لوگ تذبذب کا شکار نظر آتے ہیں۔ 

ماہرین کا مشورہ ہے کہ لائبریری شیلف کو لیونگ روم میں رکھا جائے تو زیادہ بہتر ہے کیونکہ یہ گھر کا ایک خاصا بڑا کمرہ ہوتا ہے، اگر اس کی ایک دیوار لائبریری شیلف کے لیے مختص کر دی جائے تو بھی کمرہ چھوٹا نہیں لگے گا۔ لائبریری شیلف کو کچھ اس انداز میں بھی بنوایا جاسکتا ہے کہ اس میں کتابوں کے مختلف خانوں کے علاوہ درمیان میں کچھ آرائشی اشیا سجانے کے لے بھی جگہ رکھی جائے۔ ایل ای ڈی کے عام ہونے کے بعد لائبریری شیلف میں ٹی وی رکھنے کا رواج تقریباً ختم ہوگیا ہے، اب یہ شیلف صرف کتابوں اور آرائشی اشیا رکھنے کے لیے ہی استعمال ہوتے ہیں۔

اِنکلوزڈ شیلف

یہ ایک دوسرے سے جڑے شیلف ہوتے ہیں، جن کا استعمال عام طور پر کچن میں بطور کیبنٹ کیا جاتا ہے۔ انکلوزڈ شیلف کے دروازے شیشے کے ہوتے ہیں جو ٹرینڈی ہونے کے ساتھ ساتھ کچن کی خوبصورتی بھی بڑھاتے ہیں۔ اگر آپ انکلوزڈ شیلف کے لیے باہر کی جانب کھلنے والے شیشے کے دروازے نہیں لگوانا چاہتے تو اس کی جگہ سلائیڈنگ ڈور بھی لگوائے جاسکتے ہیں۔ انکلوزڈ شیلف کچن کے علاوہ ڈائننگ روم میں بھی رکھے جاسکتے ہیں۔

اسٹیئرشیلف

اگر آپ کے گھر میں کوئی ایسی سیڑھی ہے جو کسی استعمال میں نہیں یا کچھ خراب ہے تو اس کی مرمت اور رنگ و روغن کے بعد منفرد استعمال کرتے ہوئے اسٹیئر شیلف میں ڈھال دیجیے۔ یہ اسٹیئر شیلف اسٹوریج کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ لیونگ روم کی سجاوٹ میں بھی خاصا کام آسکتا ہے۔ 

اسٹیئر شیلف پر کیا گیا خوبصورت رنگ وروغن دور سے ہی اس کو نمایاں کردے گا۔ یہ اسٹیئر شیلف آرائشی اشیا، آرائشی گملے یا اخبار وغیرہ رکھنے کے کام آسکتا ہے۔ آجکل اسٹیئر شیلف کے ذریعے گھر کی سجاوٹ کا ٹرینڈ خاصا اِن ہے۔ کوئی پرانی سیڑھی خرید کر بھی آرائشی اشیا رکھنے کا دلکش انتظام کیا جاسکتا ہے۔

فلوٹنگ شیلف

لکڑی سے بنے فلوٹنگ شیلف چھوٹے اور بڑے سائز میں مارکیٹ میں دستیاب ہوتے ہیں، جنھیں کمرے کی کسی بھی دیوار پر ایک سے دو یا تین سے چار اسٹائلش طریقوں سے نصب کیا جاسکتا ہے۔فلوٹنگ شیلف ایک طرف آپ کے کمرے کی خوبصورتی بڑھائے گا تو دوسری طرف آپ کے اعزازی انعامات، آرائشی اشیا، ڈیکوریشن گھڑی وغیرہ رکھنے کے بھی آئے گا۔

تازہ ترین