کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر کے بیان کو ہم بھارت کا اعتراف سمجھتے ہیں، معاون خصوصی وزیراعظم رہنما پی ٹی آئی علی نواز اعوان نے کہاکہ مہنگائی اس وقت صرف پاکستان کا ہی نہیں پوری دنیا کا ایشو ہے کیونکہ کوویڈ کی وجہ سے پوری مارکیٹ اثر انداز ہوئی ہیں،سی ای او انڈس اسپتال ڈاکٹر عبدالباری نے کہا کہ ہمارے اسپتال میں کورونا کے مریضوں سے بیڈ بھر گئے ہیں اور جگہ کم پڑنے کی وجہ سے ہمیں مریضوں کو دوسری جگہ شفٹ کرنا پڑرہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا کہ پاکستان میں جب سے FATF کا پراسیس اسٹارٹ ہوا ہم نے مسلسل اس سے آگاہی دی کہ بھارت اس کو سیاست کی نظر کرنے کی کوشش کررہا ہے،ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یہ ایک ٹیکنیکل پراسیس ہے جس میں کسی بھی قسم کی Political Consideration نہیں ہونا چاہئے مگر اب جو بھارتی وزیر کا بیان آیا ہے جس کو ہم بھارت کا اعتراف سمجھتے ہیں کہ انہوں نے اس معاملے میں Political Consideration کی ہے جس کا FATF کو بھی نوٹس لینا چاہئے اور ہمارے جو خدشات تھے وہ درست ثابت ہوگئے ہیں ۔انہوں نے کہا ہم اس ایشو پر ایف اے ٹی ایف کے صدر کو بھی خط لکھنے جارہے ہیں ۔ اسرائیلی سافٹ ویئر کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں زاہد حفیظ نے کہا کہ یہ انتہائی تشویش کا باعث ہے ۔معاون خصوصی وزیراعظم رہنما پی ٹی آئی علی نواز اعوان نے کہاکہ مہنگائی اس وقت صرف پاکستان کا ہی نہیں پوری دنیا کا ایشو ہے کیونکہ کوویڈ کی وجہ سے پوری مارکیٹ اثر انداز ہوئی ہیں،تنقید بالکل ہونی چاہئے مگر صحت مندانہ اصلاحی تنقید ہونا چاہئے ، تنقید برائے تنقید نہیں ہونا چاہئے ۔علی نواز اعوان کا کہنا تھا کہ پچھلے چھ ماہ میں دیکھ لیں انٹرنیشنل تیل مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 50ڈالرز سے بڑھ کر 70 ڈالرز فی بیرل تک جاپہنچی ہیں مگر پاکستان میں حکومت نے وہ بوجھ اپنے اوپر اٹھایا ہے اور جو بوجھ عوام پر ڈالا ہے وہ صرف اور صرف 17 فیصد ہے ۔اور سب نے ہی دیکھا ہے کہ جب بھی وزیراعظم نے نوٹس لیا ہے تو چیزیں ٹھیک ہوئی ہیں ۔سی ای او انڈس اسپتال ڈاکٹر عبدالباری نے کہا کہ ہمارے اسپتال میں کورونا کے مریضوں سے بیڈ بھر گئے ہیں اور جگہ کم پڑنے کی وجہ سے ہمیں مریضوں کو دوسری جگہ شفٹ کرنا پڑرہا ہے اور یہی صورتحال اب دیگر اسپتالوں میں بھی نظر آرہی ہیں انہوں نے کہا تقریباً 60فیصد کے قریب اسپتالوں میں جگہ بھرچکی ہے ۔ یہ ہماری یعنی عوام کی بدقسمتی ہے کہ ہم اس حوالے سے کوئی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کررے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہماری 70 فیصد سے زائد آبادی ویکسی نیشن نہیں کروالے گی تو مثبت کیسز کی شرح سامنے آتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام ویکسی نیشن تواتر سے لگواتے ہیں تو تب کہیں جاکر دو سال کے عرصے میں ہم اس کو ایک نارمل فلو کہے سکیں گے ۔ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ کے ایم سی کا کام آلائشیں اٹھانا نہیں یہ کام ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کا تھا مگر اب اس کو سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے ٹیک اوور کرلیا ہے اور ان کی تیاری مکمل طریقے سے ہے اور وہ پورے شہر سے آلائیشیں اٹھائیں گے جبکہ فیومیگیشن کا کام کے ایم سی کرے گی ۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر اور اسپورٹس تجزیہ کار سکندر بخت نے کہا کہ انگلینڈ یو اے ای میں جلد ہی ہونے والے ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کی تیاری کررہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے اسپنر کو مواقع دے رہا ہے جبکہ ہم پتہ نہیں کس دنیا میں رہ رہے ہیں ہم ورلڈ کپ کی تیاری ہی نہیں کررہے جبکہ ہمیں چاہئے تھا کہ ہم اس کی تیاری کرتے ۔ اس وقت عوام ٹیم مینجمٹ سے سخت ناراض ہیں اور لگ یہ رہا ہے کہ وہ وہاں جاکر سورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی ہمارا ویسٹ انڈیز کا اور اس کے بعد نیوزی لینڈ کا ٹور ہے جس کے بعد ورلڈ کپ کا آغاز ہے میرا سوال کرکٹ بورڈ کو جاتا ہے کہ آپ نے ایسے لوگوں کو کیسے اپائنٹ کرلیا ان سے کیوں پوچھا نہیں جارہا کہ وہ یہ کیا کررہے ہیں ان کو سمجھایا جانا چاہئے کہ آپ پرو ایکٹیو ہوجائیں ۔ اس وقت ٹیم میں کوئی Accountability نہیں ہے بس ایک تبدیلی آگئی ہے اسی پر سب چل رہے ہیں ۔ ایک میچ ہم جیتے ہیں ہمارے ایک کوچ ہیں انہوں نے اپنی آرگنائزیشن کے لئے چندہ مانگنا شروع کردیا ہے ۔