سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطین و اسرائیل تنازع کا 2 ریاستی حل نافذ کیا جائے۔
جنوبی افریقہ میں جی 20 وزرائے خارجہ کے اجلاس کے دوران سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے یہ مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ کی وجہ سے جو تباہی ہوئی ہے اس کی وجہ سے وہاں تمام انفرا اسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے اس کے علاوہ وہاں سے بڑے پیمانے پر نقل مکانی بھی ہوئی ہے۔
سعودی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اس وقت وہاں تعمیرِ نو کے لیے صحیح ضرورت مندوں تک رسائی لازمی ہے۔
انہوں نے 2 ریاستی حل پر اصرار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2 ریاستی حل ہی سے اس خطے میں مستقل و پائیدار استحکام آ سکتا ہے، فلسطینیوں کے حقِ خود ارادیت کو ایک دائرہ کار میں یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے مشرقِ وسطیٰ کے دیگر علاقوں کے حوالے سے بھی بات کی، ان کا کہنا ہے کہ لبنان میں نئے صدر کا انتخاب اہم قدم ہے۔
انہوں نے مزید یہ بھی کہا ہے کہ شام میں استحکام وہاں تعمیرِ نو پر عمل در آمد سے جڑا ہے، شام پر سے پابندیاں ہٹانے اور بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔