• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلیجی کے مزیدار پکوانوں سے عید الاضحیٰ کا دستر خوان سجائیں

عید الاضحیٰ کے موقع پر ہر گھر کا دستر خوان گوشت کے مزے دار، چٹ پٹے پکوانوں سے سجتا ہے لیکن ہر گھر میں قربانی ہوتے ہی سب سے پہلے کلیجی مختلف انداز سے پکائی جاتی ہے۔ تو لیجیے، اس تہوارِ خاص، عیدالاضحیٰ کے لیے حسبِ روایت کلیجی کی کچھ تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔

فرائی مسالا کلیجی

اجزاء:

  • کلیجی(دھوکر صاف کرلیں) ایک کلو
  • پیاز دو عدد
  • ٹماٹر (کاٹ لیں)آدھا پاؤ
  • لال مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ
  • دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ
  • نمک حسبِ ذائقہ 
  • ہری مرچ (کُٹی ہوئی)دو چائے کے چمچ
  • ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ
  • ادرک کا پیسٹ دو چائے کے چمچ
  • ہرا دھنیا (پتّے صاف کرکے باریک کتر لیں) حسبِ ضرورت 
  • تیل ڈیڑھ کپ

ترکیب:

ایک پین میں حسبِ ضرورت تیل گرم کرکےکلیجی اچھی طرح بھون کے الگ رکھ دیں۔ پھر دوسری پتیلی میں تیل کڑکڑا کر پیاز فرائی کرلیں اور ہرے دھنیے کے علاوہ تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح بھونیں۔ اب اس میں فرائی کلیجی اور ایک چوتھائی کپ پانی ڈال کر ڈھکن ڈھک کے ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔ جب تیل نظر آنے لگے، تو چولھا بند کرکے باؤل میں نکال لیں اور ہرا دھنیا چِھڑک کر کے سلاد ،نان یاروٹی کے ساتھ سَرو کریں۔

کلیجی شاشلک

اجزاء:

  • کلیجی (دھو کر کیوبز میں کاٹ لیں) ایک کلو
  • پپیتا پیسٹ دو کھانے کے چمچ 
  • سرکہ ایک کھانے کا چمچ
  • لیموں کا رس دو کھانے کے چمچ
  • سُرخ مرچ (کُٹی ہوئی) دو کھانے کے چمچ 
  • گرم مسالا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ 
  • دہی دو کھانے کے چمچ 
  • نمک حسبِ ذائقہ 
  • سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچ (بُھون کر پیس لیں)
  • سیاہ مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ 
  • لہسن (باریک چوپ کر لیں) چھے جوے 
  • بیسن دو کھانے کے چمچ 
  • کارن فلور دو کھانے کے چمچ 
  • چائنیز نمک ایک چائے کا چمچ 
  • انڈے دو عدد
  • تیل حسبِ ضرورت

ترکیب: 

ایک پیالے میں انڈے پھینٹ کر اس میں بیسن، کارن فلور، چائنیز نمک ڈال کر اچھی طرح مِکس کر لیں۔اس کے بعد ایک باؤل میں کلیجی اور دیگر اجزاء ڈال کرمِکس کریں اور30منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ بعد ازاں، تیل کڑکڑا کر اس میں کلیجی بمع مسالا ڈال کر بھون لیں۔ جب کلیجی اور مسالے کا پانی خشک ہو جائے، تو چولھا بند کردیں۔ اس کے بعد کلیجی کے کیوبز لکڑی کی سیخوں میں پرو کر انڈے والے آمیزے میں ڈبو کر گرم تیل میں ڈیپ فرائی کر کے نکال لیں۔

کلیجی قیمہ

اجزاء: 

  • کلیجی(دھو کر چوپ کرلیں اور چھلنی میں رکھ دیں) ڈیڑھ کلو
  • ادرک، لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچ 
  • پیاز (باریک لچّھے کاٹ لیں)دو عدد 
  • ٹماٹر (چوپ کرلیں) تین عدد
  • سُرخ مرچ پاؤڈر دو چائے کے چمچ 
  • نمک حسبِ ذائقہ 
  • لیموں (رس نکال لیں) ایک عدد 
  • انڈے دو عدد 
  • ہرا دھنیا (پتّے دھو کر کوٹ لیں) ایک چوتھائی کپ 
  • ہری مرچ (باریک کترلیں)چار عدد 
  • تیل حسبِ ضرورت

ترکیب: 

ایک باؤل میں کلیجی، سُرخ مرچ پاؤڈر، نمک، ادرک، لہسن کا پیسٹ اور لیموں کا رس ڈال کر اچھی طرح مِکس کریں اور 15منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔اس کے بعد ایک پیالے میں انڈے، ہرا دھنیا اور ہری مرچیں ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں۔اب ایک پتیلی میں تیل کڑ کڑاکر پیاز فرائی کریں۔ پھر اس میں کلیجی بمع مسالا ڈال کر اتنا بھونیں کہ پانی خشک ہوجائے۔ اس کے بعد ٹماٹر ڈال کر تین سےچار منٹ بھون کر اس میں انڈے والا آمیزہ ڈال کر تیزی سے چمچ چلاتے ہوئے اچھی طرح بھونیں۔ جب تیل نظر آنے لگے، تو چولھا بند کردیں۔  

تازہ ترین