عید کے دوسرے روز لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی کی طویل بندش رہی، شہریوں کا کہنا ہے بجلی کی طویل بندش کے باعث پانی بھی ختم ہوگیا ہے، جبکہ لیسکو کے دفاتر میں کوئی فون نہیں اٹھاتا۔
بتایا جاتا ہے کہ لاہور کے متعدد علاقوں میں عید کے دوسرے روز بھی بجلی بندش کا سلسلہ جاری رہا۔ جس سے شہریوں کو شدید مشکل اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
ملتان روڈ اتحاد کالونی، فیصل ٹاؤن، فیروز پور روڈ، گلبرگ، مسلم ٹاؤن، اچھرہ، سمن آباد میں بجلی کی انکھ مچولی جاری رہی۔ کئی کئی گھنٹے تک متعلقہ ادارے سے کوئی اہلکار نہ آیا۔
جبکہ شہری فون کر کے تھک گئے۔ شاہدرہ ٹاؤن کے متعدد علاقوں میں کئی گھنٹوں تک بجلی غائب رہی اور شہری پریشان رہے۔ دیگر علاقوں قاضی پارک، بخاری پارک، احاطہ ورکشاپ، مجید پارک میں بھی بجلی غائب ہے۔
مسلم پارک، حسنین کالونی، جعفری پارک، راجپوت پارک، اتحاد پارک، مکھن پورہ ، گھوڑے شاہ اور پراچہ کالونی، بھٹو کالونی ، بخاری پارک ، فرید کالونی، کلفٹن کالونی میں بھی بجلی غائب ہے۔
بجلی کی اس طویل بندش کے باعث ٹنکیوں میں پانی بھی ختم ہو گیا، شہریوں کا شکوہ تھا کہ لیسکو کےمتعلقہ دفاتر میں کوئی فون نہیں اٹھاتا، کہاں جائیں؟
دوسری طرف وفاقی وزیر توانائی نے ایس ای قصور سے چونیاں کے علاقے میں طویل بندش پر 24 گھنٹے میں تمام افسران سے جواب طلب کرتے ہوئے شوکاز جاری کر دیا ہے۔ چیف لسیکو کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر صورتحال تسلی بخش ہے چونیاں کے واقعے کی انکوائری کر رہے ہیں۔