• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصلے کشمیریوں کا حق، اسلام آباد، دہلی یا رائے ونڈ کی ڈکٹیشن قبول نہیں، بلاول بھٹو

باغ ،اسلام آباد(نمائندہ جنگ،وقائع نگار ، نیوز ایجنسیاں) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ فیصلے کشمیریوں کا حق، اسلام آباد، دہلی یا رائے ونڈ کی ڈکٹیشن قبول نہیں،مودی کے سامنے جھکنے، دہشتگردوں کو شہید کہنے و الے بھٹو شہید کو غدار کہتے ہیں،کسی کٹھ پتلی کو کشمیر کا سودا نہیں کرنےدینگے۔

پی ٹی آئی کی وفاقی اور ن لیگ کی مقامی حکومت نے عوام کو لاوارث چھوڑ دیا، ہمارا وزیراعظم سب سے پہلے تنخواہیں اور پنشن بڑھائے گا،جنگ کرنی ہے یا امن کرنا ہے ، فیصلہ کشمیریوں کے حکم پر کریں گے، کوئی کٹھ پتلی جماعت کشمیریوںسے ہمارا تعلق نہیں توڑ سکتی،پاکستان کا وزیراعظم عمران خان مودی کے جیتنے کی دعا کرتا رہا ہے۔

باغ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ 25 جولائی آزاد کشمیر کے لئے امتحان ہے، الیکشن شفاف ہوئے تو یہ نشستیں پیپلز پارٹی کی ہوں گی، پیپلز پارٹی کا آپ سے تین نسلوں کا رشتہ ہے، بینظیر بھٹو جب وزیراعظم تھیں تو پوری دنیا پاکستان کی بات سنتی تھی آج کٹھ پتلی بات کرتا ہے تو لوگ مذاق اڑاتے ہیں۔ 

یہ کٹھ پتلی کشمیر کا ذکر کرتا ہے تو غلطی کرتا ہے، آپ کو عوامی وزیراعظم چاہیے یا کٹھ پتلی وزیراعظم چاہیے ،پی پی چیئرمین نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے بارے میں بات کرنے والے ذرا آئینہ دیکھیں،کلبھوشن کو این آر او دینے والے بھٹو کو غدار کہہ رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اگر پاکستان میں جمہوریت ہے تو بھٹو کی وجہ سے ہے، ہمارا وزیراعظم سیاست، عوام اور کشمیر پر سودا کرتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم کسی کی ڈکٹیشن نہیں مانتے، عوام کے فیصلوں کے مطابق چلتے ہیں, وزیراعظم پوری قوم کا ہوتا ہے لیکن ہمارا وزیراعظم سلیکٹڈ ہے ، ہم نے آج تک اصولوں پر سودا نہیں کیا گڑھی خدا بخش کا قبرستان اس کا گواہ ہے. تبدیلی کا اصل چہرہ مہنگائی اورغربت کا تحفہ جس کا عذاب پاکستان کے عوام جھیل رہے ہیں. عوام نے ساتھ دیا تو باغ کی قسمت بدل دیں گے۔ ہمارا رشتہ قربانیوں کا رشتہ ہے، جدوجہد کا رشتہ ہے۔ 

کٹھ پتلی وزیر اعظم کشمیر پر سودا کر چکا ہے لیکن جیالے اسے سودا بازی نہیں کرنے دیں گے، عمران خان اور مریم نواز جلسہ کر کے چلے جاتے ہیں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے لیے آواز اٹھائی ہے۔ 

شہید بھٹو کی تقریریں اور باتیں کشمیر کے عوام کے لیے تھیں، ان کی باتیں آج بھی بچے بچے کو یاد ہیں،شہید رانی ملک کی وزارت عظمی کے دور میں دنیا میں ملک کی عزت تھی۔

باغ کے جیالوں نے سانحہ کارساز میں شہادتیں دیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا کشمیریوں سے ووٹ نہیں قربانیوں کا رشتہ ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیریوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی۔

تازہ ترین