• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر میں ووٹ چوری کی کوشش ناکام بنانے کیلئے بھرپور نگرانی ہوگی، مریم اورنگزیب

ووٹ چوری کی کوشش ناکام بنانے کیلئے بھرپور نگرانی ہوگی، مریم اورنگزیب


اسلام آباد (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزاد جموں کشمیر انتخابات میں ووٹ چوری کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے بھرپور نگرانی کی جائے گی، اس ضمن میں ہر انتخابی حلقے کی نگرانی کیلئے مبصر ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ۔ 

جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے الیکشن ڈے مانیٹرنگ کی حکمت عملی تیار کرلی ہے جبکہ پارٹی رہنمائوں اور کارکنان کوالیکشن ڈے مانیٹرنگ کیلئے ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں۔ 

ایک مرکزی سپیشل مانیٹرنگ سیل قائم کیاگیا ہے جو الیکشن ڈے پر چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کرے گا ۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کے رہنما اور کارکنان اپنے اپنے علاقوں میں تمام صورتحال سے مانیٹرنگ سیل کو آگاہ رکھیں گے ۔ 

مانیٹرنگ ٹیموں کے علاوہ قانونی امداد کیلئے لیگل ٹیمز بھی تشکیل دی گئی ہیں ۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر کے عوام ڈسکہ کی دھند بننے دیں گے اور نہ کسی کو ووٹ یا الیکشن عملہ اغوا کرنے دیں گے۔ 

آزاد جموں وکشمیر کا ہر شہری نہ صرف ووٹ دے گا، بلکہ اپنے ووٹ کی حفاظت بھی کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب اور ان کے کارندے فسطائی، آمرانہ اور ووٹ چوری کے ہتھکنڈوں سے باز رہیں تو بہتر ہوگا۔

تازہ ترین