اسلام آباد(ایجنسیاں) سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے جنرل سیکریٹری راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ معلوم نہیں حکومت ای سی ایل میں نام ڈال کر کیا پیغام دینا چاہتی ہے، یوسف رضا گیلانی کو مستعفی ہونیکامشورہ دینے والے تحقیقات ہونے تک خود مستعفی کیوں نہیں ہوجاتے۔اسلام آباد میں نجی یونیورسٹی کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک چھوڑ کر کہاں جاوں گا، میرا کوئی اثاثہ بیرون ملک نہیں ہے۔ میں مشکل کے حالات میں بھی باہر نہیں گیا۔انھوں نے کہا کہ میرا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جنھوں نے سر کٹانے کے لئے پیش کیا مگر بیرون ملک نہیں گئے ۔انھوں نے کہا کہ جمہوریت کے دشمن کو جعلی میڈیکل کی بنیاد پر باہر جانے دیا گیا اور سیاسی لوگوں کو نت نئے ہتھکنڈوں سے پریشان کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ الزامات پر یوسف رضا گیلانی کو استعفی کا مشورہ دینے والے نوازشریف اب خود مستعفی کیوں نہیں ہوجاتے۔