• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے کشمیر تنازع، افغانستان اور سی پیک کے بارے میں بھارتی بیان کو مسترد کردیا

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی) پاکستان نے بھارتی وزیر مملکت خارجہ امور کے بیان کو غیرذمہ دارانہ اور الزامات کوبے بنیادقرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ اس حوالے سے ترجمان وزارت خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی وزیر مملکت خارجہ امور کے بھارتی پارلیمنٹ میں تنازع جموں وکشمیر، افغانستان اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق دئیے گئے بیان کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کے جواب میں بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہم دوٹوک طور پر بھارتی وزیر مملکت خارجہ امور کے ان بے بنیاد الزامات اور غیرذمہ دارانہ بیان کو مسترد کرتے ہیں۔ بھارت کے جھوٹے الزامات کا واویلا کرنے اور من گھڑت دعووں سے نہ تو حقائق تبدیل ہوسکتے ہیں اور نہ ہی غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں غیرقانونی بھارتی قبضے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹائی جاسکتی ہے۔ جموں وکشمیر عالمی طورپرمسلمہ تنازعہ ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اور کشمیر کے عوام کی خواہشات کے مطابق حل طلب ہے۔

تازہ ترین