• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر انتخابات: لاہور کے 25 پولنگ اسٹیشنز میں ووٹنگ


آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے لیے لاہور ڈویژن میں پولنگ کا عمل جاری ہے، جس کے لیے لاہور بھر میں 25 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔

تمام پولنگ اسٹیشنز پر مرد و خواتین ووٹرز کی آمد اور ووٹ کاسٹ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں بھی بزرگ، جوان، خواتین و مرد کشمیری ووٹرز آ رہے ہیں اور اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔

ریٹرننگ آفیسر توقیر اقبال کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات کے لاہور ڈویژن میں 2 حلقے ہیں، ایک جموں اور ایک ویلی، جموں کی ایک نشست کے 15، جبکہ ویلی کی نشست کے 10 پولنگ اسٹیشن ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایل اے 34 جموں کی نشست پر 13 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے، جبکہ ایل اے 41 ویلی کی نشست پر 8 امیدوار میدان میں ہیں۔

ریٹرننگ آفیسر کا کہنا ہےکہ پولنگ کا عملہ پولنگ اسٹیشنز پر موجود ہے جو اپنی ڈیوٹی انجام دے رہا ہے، تمام انتظامات مکمل ہیں اور پولنگ کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور میں 3 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس، 19 حساس اور 3 نارمل قرار دیئے گئے ہیں، ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن دفتر میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

ریٹرننگ آفیسر توقیر اقبال کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر پولیس نے اپنی ڈیوٹیاں سنبھال رکھی ہیں اور وہی وہاں امن و امان قائم رکھنے کی پابند ہو گی۔

تازہ ترین