• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر الیکشن ڈسکہ کا ری پلے، منظم دھاندلی ہوئی، کشمیر کاز کو نقصان پہنچا، ن لیگ، پی پی پی

آزاد کشمیر الیکشن ڈسکہ کا ری پلے، ن لیگ، پی پی پی


مظفرآباد،لاہور، اسلام آباد(جنگ نیوز، خبرایجنسیاں)ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر انتخابات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آزاد کشمیر الیکشن ڈسکہ کا ری پلے،منظم دھاندلی ہوئی،کشمیر کاز کو نقصان پہنچایاگیا۔

لیگی رہنما شہباز شریف کاکہناہےکہ انتخابی ضابطوں کی دھجیاں اڑائی گئیں، قوم کو مناظر یاد رہیں گے، مریم نواز کاکہناہےکہ دھاندلی پرمبنی نتائج تسلیم کئے نہ کرینگے،مریم اورنگزیب کاکہناہےکہ عمران خان آزاد کشمیر میں مودی والا رویہ اختیار نہ کریں۔

پی پی رہنما شیری رحمان کاکہناہےکہ کئی پولنگ اسٹیشنز کی ووٹرفہرستوں میں واضح فرق دیکھا گیا، پرویز اشرف کاکہناہےکہ انتظامیہ پی ٹی آئی کے جھنڈے لگا کرگھومتی رہی، شازیہ مری کاکہناہےکہ دھاندلی والوں نے غنڈہ گردی کی مثال قائم کردی۔

اتوار کو ایک بیان میںپاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں پارٹی کارکنوں نے جس جذبے کا مظاہرہ کیا، وہ لائق تحسین ہے تاہم پورا دن انتخابی ضابطوں کی دھجیاں اڑائی گئیں، قوم کو یہ مناظر یاد رہیں گے۔

الیکشن کے دن کی فتح کشمیر کے عوام اور مخلص کارکنوں کے نام کرتے ہیں، انتخابات کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں ،فائرنگ اور اس کے نتیجے میں بے گناہ کارکنان کی اموات انتہائی قابل مذمت فعل ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام کے ذریعےمریم نواز پارٹی کارکنوں کے حوصلے بڑھاتی رہیں،مریم نواز نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)کے کارکن ڈٹ گئے، کارکن ووٹ چوروں کو بے نقاب کر رہے ہیں،مریم نواز نے ایک انتخابی دفتر کی وڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کوئی مقابلہ ہی نہیں اسی لیے غنڈہ گردی ہی ان کا سہارا ہے۔

ایک اور وڈیو شیئر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ (ن)لیگ سے مقابلہ نہ کر سکو تو پورے کے پورے خاندانوں کے ووٹ ہی کینسل کرا دو مگر اب بوڑھا ہو یا جوان، سب ووٹ چوروں کو گھر تک چھوڑ کر آئیں گے، بعد ازاںمریم نواز کاکہناہےکہ نتائج تسلیم کیے نہ ہی کروںگی، میں نے 2018کے نتائج کو بھی تسلیم نہیں کیانہ ہی اس جعلی حکومت کو مانا، اس بے شرم دھاندلی پر کیا تبصرہ کریں، آگے کا کیا لائحہ عمل ہوگا ابھی طے نہیں کیا۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان میں مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے آزاد کشمیر الیکشن میں پولنگ اسٹیشنز سے( ن) لیگ کے پولنگ ایجنٹس کو نکالنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے پولنگ ایجنٹس کو داخل ہونے سے روکنا ڈسکہ الیکشن کا ایکشن ری پلے ہے، ڈسکہ میں الیکشن کمیشن کا عملہ اغوا کر کے اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کا عملہ باہر نکال کے ووٹ چوری کئے گئے ۔

حکومتی دبائو کے ذریعے پولیس کے ذریعے مسلم لیگ ن کے پولنگ ایجنٹس اور پارٹی رہنمائوں کو ہراساں کیا گیا، کئی پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ایجنٹس کی غیرموجودگی میں بیگز کو کھولا گیا جبکہ بیلٹ بکس کے حوالے سے بھی شکایات موصول ہوئیں ،فائرنگ کے واقعات تشویشناک ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آزاد جموں وکشمیر میں مودی والا رویہ اختیار نہ کریں، عمران صاحب نے2018 والے ہتھکنڈے اختیار کرنے کی کوشش کی جوکہ ان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے،کارکنان اور عوام ہر حکومتی دھاندلی کی وڈیو اور تصاویر بنا کر عوام کے سامنےلائیں ۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی رہنما شیری رحمان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں منظم طریقے سے دھاندلی ہو رہی ہے، کوٹلی میں پیپلزپارٹی کے امیدوار کی گاڑی پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے فائرنگ کی،کئی پولنگ اسٹیشنز کی ووٹر زفہرستوں میں واضح فرق ہے، فوارہ چوک پولنگ اسٹیشن پر پولیس نے پیپلز پارٹی کا کیمپ اکھاڑ دیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن حکومتی دھاندلی کو روکے اور شفافیت کو یقینی بنائے۔ 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کو وفاقی حکومت نے متنازع بنادیا ہے ، الیکشن کمیشن کو تحریری شکایات دے چکے ہیں چیف الیکشن کمیشن کمشنر وفاقی حکومت کے رویے کا نوٹس لے۔

یہ الیکشن کشمیر کاز کو نقصان پہنچا رہے ہیں ہم نے اس حوالے سے آئی جی اور چیف سیکرٹری سے بات کی اور صورتحال سے آگاہ کیا ہےہمارے ووٹرز پر تشدد کیے جارہے ہیں اور ایسے متعدد واقعات دیکھنے میں آئے ہیں انتظامیہ پی ٹی آئی کے جھنڈے لگا کرگھومتی رہی ۔ 

مرکزی اطلاعات سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر کشمیر کے انتخابات میں پولنگ اسٹیشنز کے اندر موجودرہے اور کشمیر انتخابات میں ووٹرز کو ہراساں کیا گیا، انتخابات کے دوران پی پی پی امیدواروں پر فائرنگ ہوتی رہی اور پولنگ ایجنٹوں کو گرفتار کیا جاتارہا۔

پی ٹی آئی کارکنان پولنگ اسٹیشنوں پر جگہ جگہ قبضے کرکے ٹھپے لگار کر دھاندلی کرتے رہےجسکی ہم شدید مذمت کرتے ہیں،پی ٹی آئی حکومت نے کشمیر کے انتخابات میں غنڈہ گردی کی مثال قائم کردی اور پاکستان میں دھاندلی سے حکومت بنانے والوں نے کشمیر میں بھی دھاندلی کی۔

تازہ ترین