عمیر فاروق
گذشتہ کئی بر سوں سے سائنس دان خلا میں ہونے والی نت نئی در یافتوں کے بارے میں جاننے میں سر گرداں ہیں ۔اس طر ح ماہرین سورج میں ہونے والی سر گرمیوں کا جائزہ بھی لے رہے ہیں ۔سائنس دانوں کے مطابق مستقبل میں سورج کی سر گرمی میںاضافے کی اُمید متوقع ہے اور اسی وجہ سے سورج کی سطح پر بڑے بڑے طوفان آنے کاخدشہ ہے۔
ان طوفانوں سے پیدا ہونے والے اثرات زمین پر روزمرہ کے معمولات کو بری طرح متاثر کریں گے۔ امریکی خلائی تحقیقی ادار ہ ’’ناسا‘‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق سورج کی مقناطیسیت میں نئی تبدیلیاں ہورہی ہیں جو نظام ِشمسی میں نمایاں تبدیلیوں کی وجہ بن سکتی ہیں۔ اس سے زمین پر موجود نظامِ زندگی متاثر ہونے کا خطرہ بھی ہے اور زمین کی سیٹلائٹ کمیونیکشنز، گلوبل یوزیشنگ سسٹم( جی ۔بی ۔ ایس) ایئر ٹریفک اور پاور گرڈ کا نظام بھی تباہ ہوسکتا ہے۔ علاوہ ازیں خلا میں موجود مصنوعی سیاروں پر بھی خطرناک اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ ناسا کے سائنس دانوں کے مطابق متوقع شمسی طوفان سے دنیا تاریکی میں ڈوب جائے گی ۔اور سارا نظام تباہ برباد ہو جائے گا۔
ہمارے نظام شمسی کے مرکز میں موجود سورج ایک بہت بڑا ستارہ ہے۔ اس کے بغیر زندگی کاتصور ناممکن ہے انسانوں کے لیے جتنا لازمی ہے اتنا پراسرار بھی ہے اس کی کمیت اپنے نظام کی کل کمیت کا99.86فی صد بنتی ہے۔ اس کا قطر13لاکھ92ہزار کلومیٹر ہے۔یعنی ہماری زمین جیسی109زمینیں ملیں گی تو ایک سورج بنے گا۔یہ زمین سے14کروڑ96لاکھ( تقریباً149.6ملین) کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس کا اپنا رنگ سفید ہے، تاہم زمین سے دیکھنے میں پیلا یا نارنجی دکھائی دیتا ہے اور اس کی روشنی 8 منٹ 19سکینڈ میں ہم تک پہنچتی ہے ۔
سورج پر یہ حرارت کسی ایندھن کے سبب نہیں ہے بلکہ یہ نیو کلیئر فیوژن کی وجہ سے زندہ ہے۔ اس میں موجود ہائیڈروجن گیس فیوژن سےہیلیئم گیس میں تبدیل ہوتی ہے ،جس کی وجہ سے یہ حرارت برقرار رہتی ہے سورج کی کل کمیت کا تین چوتھائی ہائیڈروجن پر اور باقی کا زیادہ ترہیلیئم پر مشتمل ہے، بہت ہی کم مقدار میں لوہا ، آکسیجن، کاربن اور دیگر عناصر موجود ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان گیسز کی وجہ سے سورج کے اندر ہلچل رہتی ہے اور اسی وجہ سے اس کی سطح پر بھنور پڑے ہیں۔ جنہیں ہم سورج کے دھبے کہتے ہیں۔سورج کی سطح پر نمودار ہونے والے دھبے سورج کے ایکٹیو یعنی فعال حصے ہیں۔ عموماً یہ اس وقت بنتے ہیں۔
جب مقناطیسی لکیریں جاتی ہیں ۔ ان کا کچھ حصہ اس عمل کے دوران ٹوٹ جاتا ہے اور سورج کی سطح پر نمودار ہو تا ہے۔ جوسورج کے کرے میں بہت زیادہ ریڈی ایشن کا باعث بنتی ہے ۔اس ریڈی ایشن کے نتیجے میں سورج کے ذرّات فضا میں بہنے لگتے ہیں جنہیں’’ شمسی ہوا‘‘ کہاجاتا ہے۔سورج کے دھبوں میں اس کے باعث زوردار دھماکے بھی ہوتے ہیں۔ اور ان دھماکوں سےsolar flares بے پناہ توانائی کا اخراج ہوتا ہے، جس میں برقی مقناطیسی اور ریڈیائی شعاعوں سمیت اربوں چارج پارٹیکلز یا برقی ذرّات بڑی مقدار میںخارج ہوتے ہیں جسے کورونول ماس ایجکشن(CMES)کانام دیا جاتا ہے ۔یہ خلا میں بکھر کر نظام ِشمسی کے مختلف اجزام اور حصوں تک پہنچتے ہیں، تاہم زمین سے سورج کافی فاصلے پر ہے اسی لئے یہ طوفانی لہریں کرہ ٔارض تک نہیں پہنچتی ہے ،مگر ہر سوسال بعد لازمی زمین سے ان کا ٹکرائو ہوتا ہے ۔
قدرت نے کرہ ٔارض کو اوزون جیسی تہہ اور van allen belt مقناطیسی حصار میں رکھا ہو ا ہے ۔یہ آسمان سے آنے والے خطرات سے نبرد آزما ہوتے ہیں ،قدرت نے اس حصار کو اتنا لچکدار بنایا ہے کہ وہ تمام تر دبائو کو برداشت کرتا ہوا کرۂ ارض کو محفوظ رکھتا ہے ۔اوزون اور مقناطیسی حصار کی وجہ سے شمسی طوفان کے اثرات ختم تو نہیں ہوتے بلکہ کم ضرور ہوجاتے ہیں ۔اس طوفان کا دورانیہ کئی سالوں پر محیط ہوتا ہے ۔ لیکن شمسی دھبوں کی وجہ سے ان کی شدت ،رفتار اور دورانیے میں کمی یا اضافہ ہو سکتا ہے ۔
سال 2000 ءمیں سولر میکسی مم( بڑے سورج کی باقاعدہ مدت ) شروع ہوا تھا جو 2003 ءتک بر قرار رہا ،پھر اس میں آہستہ آہستہ کمی آتی گئی اور2009 ء میں یہ انتہائی نچلی سطح پر پہنچ گیا۔بعدازاں اس کی تمازت بڑھنا شروع ہوگئی اور 2012 ء میں تقریباً 70شمسی دھبے توانائی کو اگلنے کا موجب بنے ۔2013 ءمیں شمسی دھبوں کی تعداد کئی حد تک بڑھ گئی تھی ،تاہم 2012 - 2013 میں سورج کی یہ شعاعیں زمین سے ٹکرائے بغیر گزر گئی تھیں ۔سائنس دانوں کے مطابق آئندہ آنے والے شمسی چکر میں 12فی صد شمسی طوفان کے زمین سے ٹکرانے کی اُمید ہے ۔
ناسا کے ماہرین نے گزشتہ برس نمودار ہونے والے ایک شمسی دھبے پر تحقیق کی ۔اس دھبے کا نام AR 12192 ہے اوراس کا حجم مشتری سیارے کے برابر ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ32908 دھبوں میں سے یہ تیتیسواں(33) سب سے بڑا دھبہ تھا ،مگر اب یہ زمین سے ہٹ چکا ہے یعنی اب اس کو نہیں دیکھا جاسکتا ۔اس بات کی اُمید کی جارہی ہے کہ سورج کے اگلے شمسی چکر میں یہ دھبہ زمین کے سامنے ہوگا ۔اگر اس دھبے سے خارج ہونے والےCMES کا رخ ڈائریکٹ زمین کی جانب ہوا تو اس کے نتیجے میں زمینی مقناطیسی طوفان پیدا ہوسکتا ہے اور اس کی وجہ سے زمین پر موجود سیٹلائٹ کا نظام بری طرح متاثر بھی ہوسکتا ہے ۔
ایک رپورٹ کے مطابق مستقبل میں جب یہ طوفان آئے گا تو 121گھنٹے میں پوری دنیا تباہ ہوجائے گی۔اس کے باعث فضا میں اڑتے جہازوں کا نظام ،ٹرینوں کا نظام ،بجلی اور مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوجائے گا ۔ناسا کے ماہر ڈاکڑرچر ڈفشر کے مطابق جدید دنیا کا انحصا ر الیکٹرانک مصنوعات پر ہے ۔اس طوفان کے سبب انٹر نیٹ اور موبائل سمیت دنیا بھر کا نیٹ سسٹم ختم ہوجائے گا۔ اس سے کمپیوٹر اور موبائل میں محفوظ ڈیٹا بھی ختم ہو سکتا ہے اور اس کے اثرات کئی برسوں تک زمین پر موجود رہے گے۔ سائنس دانوںکے مطابق سورج پر اگر کبھی شدید طوفان آئے تو وہ زمین پر مواصلاتی نظام کو تباہ کر سکتا ہے ،جس کی ہمیں بہت بڑی معاشی قیمت ادا کرنی پڑ سکتی ہے۔
سورج بر قی ہائیڈروجن کا اُبلتا ہوا انبار ہے ۔جب یہ مادّہ حرکت کرتا ہے تو اپنی مقناطیسی فیلڈ میں توانائی بھی جمع کرتا ہے ۔یہ مقناطیسی توانائی روشنی کی شدید چمک یا شمسی شعلوں کی صورت میں اور بڑی مادّی اور مقناطیسی فیلڈز کی شکل میں خارج ہوتی ہے، جنہیں ’’شمسی طوفان‘‘ کہا جا تا ہے۔ اگرچہ یہ شعلے زمین پر ریڈیو کے مواصلاتی نظام کو درہم برہم کرتے ہیں۔ ہر شمسی طوفان میں دنیا کے تمام جوہری ہتھیاروں کے مجموعے سے ایک لاکھ گنا زیادہ توانائی ہوتی ہے اوریہ خلا کے وسیع حصے میں پھیل جاتی ہے۔
سورج ایک وسیع گھومتی ہوئی آتش بازی کی طرح گھومتا ہے، جہاں سے وہ خلا میں ہر طرف اخراج کرتا رہتا ہے۔ جب شمسی طوفان زمین کے قریب سے گزر جاتا ہے تو زمین کی مقناطیسی فیلڈ ایک لمبی دم کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔اور جب یہ مقناطیسی فیلڈ واپس ٹھیک ہوتی ہے تو وہ ذرّات جو چارج ہو چکے ہیں، وہ بڑھتی ہوئی رفتار کے ساتھ زمین کا رخ کر لیتے ہیں۔ جب یہ ذرّات زمین کی فضا سے ٹکراتے ہیں تو وہ جلنے لگتے ہیں، تاہم زمین کی مقناطیسی فیلڈ میں اس خلل کے اور بھی زیادہ سنگین اثرات ہوتے ہیں۔
سائنس دان یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ شمسی طوفان کس وجہ سے شروع ہوتے ہیں اور ایک مرتبہ شروع ہو جائیںتو خلا میں ان کو ٹریک کیسے کیا جا سکتا ہے ۔زمین کے مقناطیسی ریکارڈ 19ویں صدی کے وسط سے موجود ہیں۔ ان کے مطابق تقریباً ہر سو سال کے بعد خلا میں ایک انتہائی شدید موسمیاتی واقعہ ہو سکتا ہے، تاہم چھوٹے چھوٹے واقعات تو ہوتے رہتے ہیں۔ 1859 ءمیں کیرنگٹن ایونٹ ہوا تھا جو اب تک کے ریکارڈ کیے گئے واقعات میں سب سے شدید تھا اور اس میں ٹیلی گراف کا نظام خراب ہو گیا تھا۔
سائنس دانوں نے خبر دار کیا ہے کہ اگر آئندہ اسی طر ح کا واقعہ پیش آیا تو اس کے نتائج اور بھی زیادہ سنگین ہوں گے۔2018ء میں خلائی سیٹلائٹس ہمارے مواصلاتی اور نیویگیشن نظام کا اہم ترین حصہ ہیں۔ طیارے برِاعظموں کو ملاتے ہیں اور بجلی کی ترسیل کا نظام دنیا بھر میں پھیلا ہوا ہے۔شدید شمسی طوفان میں یہ سب درہم برہم ہو سکتا ہے۔ ماضی میں خلا میں شدید موسمی واقعات میں اتنی سیٹلائٹس اور پاور گرڈز تباہ ہو چکی ہیں کہ یہ واضح ہو گیا ہے کہ ہمیں سورج پر نظر رکھنی ہوگی اور نظام شمسی کے زمین پر اثرات کے بارے میں پیش گوئی کرنے کے لیے سورج کا گہرا مشاہدہ ضروری ہے۔