آزاد کشمیر انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد وزیراعظم عمران خان ٹوئٹر پر بھی اپنی مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کو 14 ملین صارفین نے فالو کرلیا ہے جس کے بعد عمران خان پاکستان کے پہلے سیاستدان بن گئے ہیں جن کے ٹوئٹر پر 14 ملین فالوورز ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی طرف نظر دوڑائی جائے تو وہ اپنے اکاؤنٹ پر سیاسی امور اور ملکی صورتحال کی تازہ ترین تفصیلات سے عوام کو آگاہ کرتے نظر آتے ہیں۔
ٹوئٹر پر فالوورز میں اضافے کے بعد وزیراعظم عمران خان ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا سے مقبولیت کی دوڑ میں صرف 2 اعشاریہ 3 ملین فالوورز پیچھے ہیں۔
مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر جنت مرزا کے فالوورز کی تعداد 16 اعشاریہ 3 ملین ہے، جنت مرزا پاکستان کی وہ واحد شخصیت ہیں جنہیں کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر 16 ملین سے زائد صارفین نے فالو کیا ہوا ہے۔
اس فہرست میں پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں تحریک انصاف نے میدان مارلیا، غیر سرکاری اورغیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے 25 نشستیں جیت لیں اور تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی۔
پیپلزپارٹی 11 اور ن لیگ 6 نشستوں پر کامیاب رہی جبکہ مسلم کانفرنس اور جموں کشمیر پیپلز پارٹی کوایک ایک نشست ملی۔
ایل اے 16 باغ کے نتائج روک دیے گئے۔ چار پولنگ اسٹیشن پردوبارہ پولنگ کا فیصلہ آج ہوگا۔