سعودی وزیر برائے خارجہ اُمور فیصل بن فرحان السعود 27 جولائی کو پاکستان کا اہم دورہ کریں گے، سعودی وزیر خارجہ کا دورہ مئی 2021ء میں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے پس منظر میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کے ہمراہ سعودی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل وفد بھی ہوگا، دورہ پاکستان کے دوران دونوں وزرائے خارجہ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے، سعودی وزیر خارجہ دورے کے دوران دیگر پاکستان معززین سے بھی ملاقات کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کا دورہ دوطرفہ تعاون میں پیشرفت کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاک سودی تعلقات کی جڑیں مشترکہ عقیدے، مشترکہ تاریخ اور باہمی حمایت کے ساتھ ہیں، سعودی عرب جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کا رکن ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت کی ہے، سعودی وزیر خارجہ کایہ دورہ اعلیٰ سطح کے تبادلے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دے گا۔