• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں نے مودی کے یار اور دولت کو شکست دی، وفاقی وزراء

کشمیریوں نے مودی کے یار اور دولت کو شکست دی، وفاقی وزراء


اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزراءکا کہنا ہے کہ کشمیری عوام نے الیکشن میں مودی کے یار اور دولت کو شکست دیدی ۔وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب کا کہناہے کہ کشمیریوں نے جعلی اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ اور سرٹیفائیڈ جھوٹوں کو سبق سکھایا‘وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کہتے ہیں کہ قومی سیاست میں ان کا کوئی مستقبل نہیں ‘وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پورکا کہنا ہے کہ کشمیریوں نے آزاد کشمیر کو لاڑکانہ بننے سے بچالیا ‘ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ یہ مریم نوازکے بیانیے اور نوازشریف کی راایجنٹس سے ملاقات کے اثرات ہیں۔تفصیلات کے مطابق فرخ حبیب نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے کشمیر کا سودا کیا انھیں آج کشمیریوں نے ووٹ سے ’’ریجیکٹڈ‘‘ بنا دیا ہے۔ پیر کو آزاد کشمیر الیکشن سے متعلق بیان میں فرخ حبیب نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے دھونس، دھاندلی، الزامات اور تنقید کی سیاست کو زمین بوس کردیا، مریم اور بلاول گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر میں عبرت ناک شکست کے بعد اب کیسا محسوس کررہے ہیں ؟انہوں نے کہا کہ25 جولائی ، تاریخ کا حصہ بن چکا ہے، اس دن کشمیریوں نے مودی کے یاروں، جعلی اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ اور سرٹیفائیڈ جھوٹوں کو سبق سکھایا ،ملک میں عام انتخابات کے بعد گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام نے دونوں کرپٹ جماعتوں کو الوداع کہہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو اپنی شادیوں پر مودی کو بلائیں، آموں اور ساڑھیوں کے تحائف لیں، حریت رہنماؤں کو نظر انداز کریں ،کشمیری ان کو کبھی معاف نہیں کرسکتے۔ادھرپیرکو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں بھی حکومت بنانے جا رہی ہے‘پی ٹی آئی ملک گیر جماعت بن چکی ‘ جب تک نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) اپنی سیاست سے غیر پارلیمانی اور غیر ذمہ دارانہ زبان کو نہیں نکالیں گے پاکستان میں ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے‘آئندہ عام انتخابات میں پوری کوشش ہو گی کہ سندھ میں بھی حکومت بنائیں۔مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں شکست کے بعد سیاپا اور رونا دھونا شروع کر دیا ہے، اس کا میں نے پہلے آپ کو کہا تھا کہ یہ الیکشن ہارنے کے بعد یہ کہیں گے، میری اس ریکارڈنگ کو آپ محفوظ رکھ لیں، ان شاء اللہ 2023ء میں بھی یہی کہیں گے کہ دھاندلی ہوئی ہے ۔ دریں اثناءچوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں بدترین شکست پر بلاول بھٹو اور مریم نواز کو پارٹی عہدوں سے مستعفی ہو جانا چاہئے، ان میں اگر کوئی سیاسی شرم ہے تو شکست کی ذمہ داری قبول کریں اور استعفے دیں، دھاندلی کا رونا رونے کی بجائے اپنے گریبان میں جھانکیں، نواز شریف کی پاکستان دشمن حمد اللہ محب سے ملاقات اور مریم نواز کے پاکستان مخالف بیانیہ کی وجہ سے ن لیگ کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا‘یہ مریم نوازکے بیانیے اور نوازشریف کی راایجنٹس سے ملاقات کے اثرات ہیں ‘آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات ”کھسیانی بلی کھمبا نوچے“ کے مترادف ہیں، مریم نواز اور بلاول نے پوری انتخابی مہم میں گالم گلوچ اور قومی اداروں پر تنقید کے سوا کچھ نہیں کیا، کشمیر کے عوام نے ان کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے، 2023ءکے انتخابات میں سندھ سے بھی پیپلز پارٹی کا صفایا ہوگا، آزاد کشمیر کے صدر، وزیراعظم اور سپیکر کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہناتھاکہ کشمیر کے انتخابات میں تحریک انصاف کو بڑی کامیابی ملی،اتنی بڑی کامیابی کے بعد دھاندلی کا بیانیہ اپنی موت آپ مر جاتا ہے، یہ کامیابی اس وقت ممکن ہوتی ہے جب آپ لوگوں میں حقیقی طور پر مقبول ہوں۔ پی پی پی اور ن لیگ اہم سیاسی جماعتیں ہیں، ان کے اندر نئی لیڈر شپ کو ابھرنے کا موقع دیا جانا چاہئے۔ انتخابی مہم کے دوران ن لیگ کے کیمپ سے ہندوستان سے مدد کے حوالے سے گفتگو ہوئی جو قابل شرم ہے۔ مریم نواز نے فوج اور پاکستان مخالف بیانیہ پر مبنی مہم چلائی جس کی وجہ سے آج بدترین شکست ن لیگ کا مقدر بنی۔ن لیگ کو پیپلز پارٹی سے بھی کم نشستیں ملی ہیں، حمد اللہ محب پاکستان دشمن اور را کے ایجنٹ ہیں، اس کی نواز شریف سے ملاقات کا جواب کشمیر کے عوام نے انہیں بدترین شکست کی صورت میں دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2023ءکے انتخابات میں پیپلز پارٹی کا سندھ میں بھی یہی حال ہوگا جو اس کا کشمیر میں ہوا ہے۔ یہ ان کا آخری دور ہے۔یہ ممکن نہیں کہ ایک طرف آپ مودی کو اپنے گھر بلائیں، جندال سے ملاقاتیں کریں اور پاکستان کے قومی اداروں کے خلاف سازشیں کریں اور اس کے بعد توقع کریں کہ کشمیر کے لوگ انہیں ووٹ دیں گے، اب یہ بیانیہ نہیں چل سکتا۔ حمد اللہ محب سے نواز شریف کی ملاقات کے حوالے سے تاحال آگاہ نہیں کیا گیا کہ یہ ملاقات پی ایم ایل کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی مرضی سے ہوئی تھی؟ ۔ احسن اقبال نے ہندوستان سے مدد طلب کرنے کے بیان پر ایک سیاسی یتیم کو نوٹس تو جاری کر دیا لیکن انہیں نواز شریف کو پاکستان دشمن اور ہندوستان کے پروردہ شخص سے ملاقات پر نوٹس جاری کرنا چاہئے۔مزیدبرآں علی امین گنڈا پور نے کہاکہ کشمیر کی 72 سالہ محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا‘آزاد کشمیر کے عوام نے مودی کے یاروں کو مسترد کر کے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے۔ کشمیری عوام نے کرپٹ حکمرانوں اور ان کے حواریوں کو نیست و نابود کر دیا‘ آزاد کشمیر میں فرسودہ سیاسی نظام دفن ہو چکا ہے ، آزاد کشمیر کے عوام نے آزاد کشمیر کو لاڑکانہ بننے سے بھی بچا لیا ہے۔

تازہ ترین