• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنیٹا ولیمز کا مومی مجسمہ عوام کے لیے پیش

---تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
---تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

امریکی خلاباز سنیٹا ولیمز کا مومی مجسمہ بھارتی ریاست مغربی بنگال کے مشہور عجائب گھر سوسنتا رے ویکس میوزیم میں رونمائی کےلیے پیش کردیا گیا۔

سنیٹا ولیمز  کا آبائی تعلق بھارت سے ہے اور وہ امریکا کی معروف خلاباز ہیں جنہوں نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر طویل قیام کیا اور خواتین میں سب سے طویل اسپیس واک کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

اس مجسمے کے خالق سوسنتا رے نے کہا کہ مجھے یہ خیال اُس وقت آیا جب سنیٹا ولیمز 9 ماہ کے طویل مشن کے بعد خلا سے واپس آئیں، وہ ہمارے ملک کا فخر ہیں، ان کی زندگی نئی نسل کو سائنس اور خلا کی جانب راغب کرنے کا ذریعہ بنے گی۔

یہ مومی مجسمہ 2 ماہ میں مکمل کیا گیا، جو فنکار کے معمول کے وقت (ڈیڑھ ماہ) سے کچھ زیادہ ہے، سب سے بڑا چیلنج خلائی لباس حاصل کرنا تھا، جو امریکا سے تقریباً 10 ہزار روپے کی لاگت سے حاصل کیا گیا، جس میں جے پور ویکس میوزیم کے ڈائریکٹر نے مدد فراہم کی، مجسمہ سنیٹا ولیمز کے قد، چہرے اور جسمانی حرکات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔

مجسمے کی رونمائی کے بعد سے ویکس میوزیم میں زائرین کا رش بڑھ گیا ہے، ہر عمر کے لوگ تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں اور سب سے زیادہ تعریف مجسمے کی حیرت انگیز مشابہت اور سنیٹا کی مسکراتی ہوئی شکل کو مل رہی ہے۔

اس عجائب گھر میں سنیٹا ولیمز کے علاوہ دیگر نامور شخصیات کے بھی مومی مجسمے موجود ہیں جس میں شاہ رخ خان، سشانت سنگھ راجپوت، ویرات کوہلی، مہاتما گاندھی اور امیتابھ بچن شامل ہیں۔ 

دلچسپ و عجیب سے مزید