سندھ کورونا ٹاسک فورس کے رکن ڈاکٹر سعید خان کا کراچی شہر میں جاری کورونا وائرس کی چوتھی لہر سے متعلق کہنا ہے کہ ویکسین نہ لگوانے والوں کی بڑی تعداد کورونا وائرس کی لہر سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے۔
ڈاکٹر سعید خان نے جیو نیوز سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ کراچی کے اسپتالوں میں موجود کورونا مریضوں میں 85 فیصد نے ویکسین ہی نہیں لگوائی، زیادہ تر لوگوں میں کورونا کے ڈیلٹا ویرینٹ کی تصدیق ہوئی ہے۔
ڈاکٹر سعید خان نے کہا ہے کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ فوری طور پر ویکسین لگوائیں، ویکسین کے ذریعے ہم ہر قسم کے ویرینٹ سے بچ سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال بہتر نہ ہوئی تو اسپتالوں میں جگہ ختم اور سسٹم بیٹھ جائے گا۔
ڈاکٹر سعید خان کا کہنا تھا کہ ایس او پیز پر مکمل عمل نا ہوا تو دو ہفتے انتہائی خطرناک ہوسکتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ شوگر، بلڈپریشر اور دیگر امراض میں مبتلا افراد زیادہ رسک پر ہیں۔