• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، سعودی عرب کا کشمیر،فلسطین اور یمن پر اتفاق، سفری پابندیاں ختم کرنے پر غور

اسلام آباد (نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں) پاکستان اورسعودی عرب نےکشمیر، فلسطین اور یمن پر اتفاق کیا جبکہ سفری پابندیاں کم کرنے پر غورکیا گیا،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ان کے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے منگل کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔

بات چیت میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین، سپریم رابطہ کونسل کو دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے احسن اقدام قرار دیا۔

شاہ محمود قریشی نے سعودی سالمیت کی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا، جبکہ شہزادہ فیصل نے کہا کہ ہر مسئلے کے حل کیلئے مل کر کام کریں گے، صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سےسعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے منگل کو علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

ملاقاتوں میں تعلقات کی موجودہ سطح کو وسعت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے تجارت اور معیشت کے شعبے میں مزید پیش رفت کیلئے دوطرفہ تعلقات کو ادارہ جاتی سطح پر استوار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقاتوں میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، مارچ 2022 کو اسلام آباد میں، او آئی سی، وزرائے خارجہ کونسل کے اگلے اجلاس کی میزبانی کیلئے پر عزم ہے۔ 

شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ کو پاکستان کے اقتصادی ترجیحاتی ایجنڈے کے خدو خال سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین صحت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں،وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر بالخصوص بھارت کی جانب سے 5 اگست کے یکطرفہ، غیر آئینی اقدام کے بعد، بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے موقف کی حمایت پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ہمراہ وزارت خارجہ کے سبزہ زار میں یادگاری پودا لگایا۔

تازہ ترین