• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI کا نام نہاد مینڈیٹ ہماری قربانیوں کے مرہون منت ہے، مصطفیٰ کمال

کراچی(اسٹاف ر پو ر ٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی کو بھارتی خفیہ ایجنسی راء کے تسلط سے اس لیے آزاد نہیں کرایا تھا کہ بانی متحدہ سے لے کر آصف علی زرداری کے حوالے کردیا جائے۔ پی ٹی آئی کے وہ لوگ جو آج اپنے مینڈیٹ پر بڑھکیں مار رہے ہیں وہ بانی متحدہ کے خوف کی وجہ سے کلفٹن کا پُل بھی پار نہیں کرپاتے تھے، انکا نام نہاد مینڈیٹ ہماری قربانیوں کے مرہون منت ہے۔ عمران خان کو اپنی حکومت قائم رکھنے اور نواز شریف اولین نشانہ ہونے کی وجہ سے پیپلز پارٹی کو کھلی چھٹی دے دی ہے۔ ہم جب راء سے نہیں ڈرے تو پیپلز پارٹی کے مظالم پر بھی خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ پیپلز پارٹی نے سندھ کو یرغمال بنا لیا ہے۔ سندھ بھر میں انسانی حقوق پیپلز پارٹی کی کرپشن کی نظر ہوگئے ہیں۔ جن مظالم پر کافروں کو ترس آگیا لیکن ریاست مدینہ کے دعویدار نہیں جاگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایک لاوا پک رہا ہے اور خاص کر سندھ کے شہری علاقوں میں مایوسی ہے۔ 13 سالوں سے پاکستان پیپلزپارٹی کی حکمرانی ہے لیکن لگتا ہے جیسے سندھ انکی جاگیر ہے۔

تازہ ترین