پاکستان کے آدھے ایتھلیٹس ٹوکیو اولمپکس سے باہر ہوگئے، دس کھلاڑیوں نے شرکت کی جبکہ پانچ کھلاڑی میڈل لیے بغیر اولمپکس گیمز سے باہر ہوگئے۔
ٹوکیو اولمپکس میں سب سے پہلے باہر ہونے والے پاکستانی شوٹر گلفام جوزف تھے جنہوں نے 10میٹر ائیر پسٹل میں شرکت کی، 36شوٹرز میں سے 8شوٹرز نے فائنل راونڈ کیلئے کوالیفائی کرنا تھا، پاکستانی شوٹر گلفام نے 600 میں سے 578شوٹ نشانے پر مارے اتنے ہی پوانٹس چین اور سربیا کے شوٹر نے بھی حاصل کئے، جس پر مقابلہ برابر ہوگیا تھا ، لیکن انتہائی معمولی فرق کی وجہ سے پاکستانی شوٹر فائنل راونڈ کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکےاور نویں پوزیشن حاصل کی۔
اولمپکس مقابلوں میں پہلی بار بیڈمنٹن میں انٹری دینے والی ماحور شہزاد ایک میچ بھی نہ جیت سکیں ، انہیں پہلے جاپانی کھلاڑی نے شکست سے دوچار کیا ،پھر انگلینڈ کی کرسٹی نے انہیں ہرا کر ایونٹ سے باہر کردیا ۔
ویٹ لفٹر طلحہ طالب بھی میڈل نہ جیت سکے لیکن انہوں نے اپنے ایونٹ میں شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا اور معمولی فرق سے میڈل سے محروم ہوگئے۔
مجموعی طور پر 320کلو گرام وزن اٹھا کر طلحہ نے ایک وقت پر میڈل کی امید روشن کردی تھی لیکن پھر اطالوی ویٹ لیفٹرز نے صرف دو کلو اضافی وزن اٹھا طلحہ طالب کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
سوئیمر حسیب طارق نے 100میٹر فری اسٹائل کے ہیٹ ٹو میں انٹری دی اور 72سوئیمر میں ان کا نمبر 62واں رہا۔
جوڈو میں میڈل کی امید شاہ حسین شاہ کا مقابلہ عالمی نمبر پر 13ویں نمبر پر موجود مصر کے رمضان درویش سے تھا مصری جوڈو کاز نے شاہ حسین شاہ کو بآسانی شکست دے دیکر پاکستان کی یہ امید بھی ختم کردی۔
شاہ حسین شاہ پاکستانی باکسر حسین شاہ کے صاحبزادے ہیں جنہوں نے 1998سیول اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
پاکستان کے یہ پانچ ایتھلیٹس کے باہر ہونے کے بعد اب اتنے ہی قومی کھلاڑی آنے والے دنوں مین ایکشن میں ہوں گے ، جن میں سوئیمر بسمہ خان کل 50میٹر فری اسٹائل میں ایکشن میں ہوں گی۔
یکم اگست کو شوٹر خلیل اختر اور غلام بشیر 25میٹر رپڈ فائیر پسٹل میں ایکشن میں ہونگے ، 2اگست کو نجمہ پروین دوسو میٹر ریس میں حصہ لیں گی جبکہ چار اگست کو ارشد ندیم جیولن تھرو میں ایکشن مین نظر آئیں گے، ارشد ندیم پاکستانی دستے کے واحد ایتھلیٹس ہیں جنہوں نے ٹوکیو اولمپکس کیلئے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کوالیفائی کیا ۔