• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیویارک میں ویکسین لگوانے پر 100 ڈالر انعام

نیویارک ( نیوز ڈیسک) امریکا کے بڑے شہر نیویارک کے مئیر نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں سے کورونا ویکسین لگوانے والوں کو 100ڈالر دیے جائیں گے۔مئیر کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ امریکا دنیا بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والے ممالک میں سرفہرست ہے، جہاں کورونا کیسوں کی تعداد3 کروڑ 54 لاکھ سے زائد ہے، جب کہ 6 لاکھ 28 ہزار سے زائد افراد مہلک وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب چین میں کورونا وائرس کی قسم ڈیلٹا ویرینٹ کا پھیلاؤ جاری ہے جس کے باعث متاثرہ شہر ننجنگ میں انٹرنیشنل ائرپورٹ بند کر دیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق شہر میں پوری آبادی کی تیسری بار کورونا ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے۔ ملک بھر میں 24گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 49 کیس رپورٹ ہوئے۔ ادھر کمبوڈیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث تھائی لینڈ کی سرحد کے ساتھ 8 صوبوں میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ کمبوڈیا میں کورونا وائرس کے باعث اب تک ایک ہزار 350 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 19 کروڑ 67 لاکھ 12 ہزار 916 تک جا پہنچی ہے جب کہ اس موذی وائرس سے اموات 42 لاکھ 3 ہزار 749 ہو گئیں۔
تازہ ترین