• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹام کروز فلم آئرن مین کے کردار ٹونی اسٹارک کیلئے پہلا انتخاب تھے

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف ہولی وڈ اداکار ٹام کروز کا فلم کے کردار ٹونی اسٹارک (آئرن مین) کی حیثیت سے کام کرنے سے انکار کے بعد رابرٹ ڈاؤنی جونئیر کو منتخب کیا گیا تھا جنہیں اب مداح اسی نام سے یاد رکھتے ہیں۔2000 کی دہائی میں ٹام کروز کا شمار دنیا کے بہترین اداکاروں میں کیا جاتا تھا جبکہ اسی وقت رابرٹ ڈاؤنی اپنی گھریلو مشکلات میں پھنسے ہوئے تھے اور نہ ہی ہولی وڈ میں شہرت کے معاملے میں ٹام کروز کے مد مقابل سمجھے جاتے تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہولی وڈ اداکار نے انکشاف کیا کہ فلم پروڈکشن کمپنی اور ان کے مابین اس حوالے سے بات چیت ہوچکی تھی جس کے چند عرصے بعد انہوں نے اپنا فیصلہ تبدیل کرنا ہی بہتر سمجھا تھا۔ٹام کروز کا کہنا تھا کہ جب میں کوئی چیز کرتا ہوں تو اسے مکمل انداز میں کرتا ہوں، اگر میری جانب سے کچھ کرنے کا ارادہ کیا جائے تو مجھے معلوم ہوتا ہے یہ ضرور کوئی خاص چیز بنے گی۔معروف اداکار کا مزید کہنا تھا کہ مجھے محسوس ہوا کہ یہ کردار ادا کرنے کا فیصلہ مثبت ثابت نہیں ہوسکتا، میں فلم کی شوٹنگ کے دوران اسے بہتر سے بہتر بنانے کیلئے فیصلہ سازی میں بھی حصہ لیتا ہوں اس لیے مجھے بعد میں ایسا لگا کہ اس کردار کو ادا کرنا میرے لیے ممکن نہیں ہے۔ٹام کروز نے اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونئیر سے متعلق کہا کہ رابرٹ نے آئرن مین کے کردار کو بہت بہترین انداز میں ادا کیا ہے اوروہ رابرٹ کے علاوہ کسی دوسرے اداکارکو اس کردار کو زندہ کرنے کا تصور نہیں کرسکتے۔

دل لگی سے مزید