• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمر، جنس اور پیشے کے لحاظ سے کووڈ کی علامات مختلف ہیں، ماہرین

کراچی (رفیق مانگٹ)ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ عمر ، جنس اور پیشے کے لحاظ سے کووڈ 19 کی علامات مختلف ہیں۔ عام طور پر کووڈ علامات میں مستقل کھانسی، تیز بخار اور چکھنے یا سونگھنے کی حس کا کھو جانا ہے،لیکن نئی تحقیق میں کووڈ علامات عمر اور جنس پر منحصر ہیں۔

نئے اعداد و شمار سے انکشاف ہوا کہ خواتین کے مستقل کھانسی میں مبتلا ہونے کے زیادہ جبکہ مردوں میں سانس کی دشواری کا امکان زیادہ ہے۔محققین نے معلوم کیا کہ60 سے80 یا زائد سال کے عمررسیدہ افراد کے مقابلے میں16 سے59 سال کی عمر کے افراد میں مختلف علامات زیادہ تھی ۔

یہ ڈیٹا ’زو علامت ٹریکر‘‘نامی ایپ سے لیا گیا پھر کنگز کالج لندن کے ماہرین نے اس کا تجزیہ کیا ۔طبی جریدے’دی لانسیٹ‘ میں شائع اس تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ یہ علامات ہیلتھ کیئر میں کام کرنے اور نہ کرنے والوں میں کیسے مختلف ہیں۔

ماہرین نے مشین لرننگ ماڈل کا استعمال کیا جس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ کووڈ19 کی ابتدائی علامت عمر اور جنس کے لحاظ سے مختلف ہیں۔ماہرین نے بتایا کہ 18 مختلف علامات کی جانچ کی گئی ابتدائی نشاندہی میں اہم علامتیں سونگھنے کی حس کا کھونا، سینے میں درد، مستقل کھانسی، پیٹ میں درد، پیروں پر چھالے، آنکھوں میں درد اور پٹھوں میں غیر معمولی درد ہے۔

تاہم، انھوں نے دیکھاکہ 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں میں سونگھنے کی حس کے کھونے کی اہمیت ختم ہوگئی اور 80 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے لئے یہ ضروری نہیں۔ 

ساٹھ سال سے زائد عمر میں اسہال(ڈائریا) اہم علامت پائی گئی۔ ماہرین نے کہا 60سے 79 سال کی عمر کے افراد میں سینے میں درد، پٹھوں میں غیر معمولی درد، سانس میں دشواری اور سونگھنے کا کھوناعام علامات پائی گئی جبکہ 80 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد میںاسہال، گلے کی سوزش، سینے میں درد، پٹھوں میں غیر معمولی درد، آنکھوں میں درد اور سردی لگنا یا کپکپاہٹ زیادہ علامات تھیں۔ 

16سے39سال کی عمر کے افراد میں پہلے تین دن میں سونگھنے کی حس کا ختم ہونا، سینے اورپیٹ میں درد، سانس لینے میں تکلیف، اور آنکھوں میں درد جیسی علامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 40 سے 59 سال والوں میں مستقل کھانسی میں کووڈ کا امکان زیادہ اور سردی یا کپکپاہٹ میں انفیکشن کا امکان کم ہے۔ان میں بخار کوئی اہم علامت کے طور پر نہیں دیکھی گئی۔ 

مرد اور خواتین میں انفیکشن کی مختلف علامات ظاہر سامنے آئیں ۔اس سے قبل کہاگیا تھا کہ 50 سال سے کم عمر خواتین میں مردوں کے مقابلے میں طویل مدتی کووڈ کے شکار ہونے کا امکان زیادہ ہے۔ یہ بھی دیکھا گیا کہ خواتین کے مقابلے کووڈ سے مردوں میں موت کی شرح دوگنی ہے۔ 

نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مردوں میں سانس کی دشواری، تھکاوٹ، سردی اور بخارجبکہ خواتین میں سونگھنے کی حس کا ختم ہونا، سینے میں درد اور مستقل کھانسی کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے۔ 

ہیلتھ کیئر سے وابستہ افراد میں، سب سے زیادہ عام علامات سردی لگنا، مستقل کھانسی، سر درد، اور سینے میں درد اہم علامات ،اس کے بعد پٹھوں میں غیر معمولی تکلیف، اسہال، تھکاوٹ اور کھانے سے دوری ہے۔

تازہ ترین