ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے فرانس میں مظاہروں کی وجہ امریکا ایران جنگ کے باعث ایندھن کی بلند قیمتوں کو قرار دیے جانے پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
عباس عراقچی نے کہا ہے کہ فرانسیسی صدر نے ایران کے خلاف جنگ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کی تھی، میکرون نے امریکی جرائم کا خیر مقدم کر کے موجودہ صورتِحال کی بنیاد رکھی۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے فرانسیسی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب خود کو بچانے اور دوسروں پر ذمے داری ڈالنے کی کوشش بے سود ہے۔
عباس عراقچی کے مطابق فرانسیسی عوام بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا مطالبہ کر رہے ہیں، جن میں اجتماع کی آزادی کی ضمانت بھی شامل ہے۔
انہوں نے صدر میکرون پر زور دیا ہے کہ وہ فرانس کے مستقبل کے حوالے سے عوام کی آواز سنیں۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ میکرون نے مظاہروں کی وجہ امریکا ایران جنگ کے سبب ایندھن کی بلند قیمتوں کو قرار دیا تھا۔