• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابل انتظامیہ کے پاکستان پر الزامات بلاجواز، جنگ نہیں امن چاہتے ہیں، افغان طالبان

کابل،زابل(نیوز ایجنسیاں )ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ کابل انتظامیہ کے پاکستان پر الزامات بلاجواز ہیں،ہم لڑائی نہیں امن چاہتے ہیں، افغان فورسز کے اہلکار اضا کارانہ طور پر ہمارے ساتھ مل رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ بے بنیاد ہے اقوام متحدہ کی رپورٹ کے پیچھے کوئی ملک شرارت کر رہا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسی ہے کہ ہم افغانستان کی سرزمین کو کسی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جب بھی افغانستان میں ہماری حکومت ہو گی اس وقت ہم عملی طور پر ثابت کریں گے اب بھی جو علاقے ہمارے کنٹرول میں ہیں وہاں کسی کو دوسرے ملک کے خلاف کوئی قدم اٹھانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔

بھارت کے ساتھ ہمارا کوئی رابطہ نہیں ہوا ۔ ہم چاہتے ہیں کہ آزادی کے بعد افغانستان کی تعمیر نو پر توجہ دیں دوسرے ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے اور امن کے قیام پر توجہ دیں ہم کئی بار واضح کر چکے ہیں کہ ہم اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے۔

یہ غلط ہے کہ افغانستان میں ایسا ہوگا ویسا ہوگا ایسا کہنے والے نہیں چاہتے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔جب بھی کابل ایڈمنسٹریشن کو شکست ہوتی ہے تو وہ پاکستان پر الزام لگا دیتی ہے افغانستان میں کامیابی افغان عوام کی ہے ہم لڑائی نہیں امن چاہتے ہیں۔

ادھرافغان صوبے زابل میں مارٹر گولہ گھر پر گرنے سے 5 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبے زابل کے شہر قلات میں مارٹر گولہ گھر پر گرنے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 3 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں جب کہ 12 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

افغان حکام کے مطابق قلات کے گردو نواح میں طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں اور مارٹر گولہ بھی طالبان کی جانب سے فائر کیا گیا تھا۔ دوسری جانب طالبان نے ابھی تک واقعہ پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید