• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں کو رکوائے، علی رضا سید

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی گھمبیر صورتحال پر اراکین یورپی پارلیمنٹ کا تازہ مراسلہ اہمیت کا حامل ہے۔

واضح رہے کہ سولہ اراکین یورپی پارلیمنٹ نے جمعہ کے روز اپنے ایک مشترکہ خط میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور یورپی یونین کے اعلیٰ حکام سے کہاہے کہ وہ وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

یورپی کمیشن کی سربراہ ارسلا واندرلین اور یورپی یونین کے وزیرخارجہ اور یورپی کمیشن کے نائب سربراہ جوزپ بوریل کو ان اراکین پارلیمنٹ کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہاگیا ہے کہ ہم آپ کی توجہ جموں و کشیر میں انسانی حقوق کی خراب صورتحال کی طرف دلانا چاہتے ہیں جہاں لوگوں کے مصائب کا تذکرہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی 2021 کی رپورٹ اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر کی 2018 اور 2019 کی رپورٹوں میں کیا گیا ہے۔

خط میں یورپی یونین کے حکام سے کہاگیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی گھمبیر صورتحال پر ان اراکین کی تشویش کو بھارتی حکومت تک پہنچائیں اور وہاں انسانی حقوق کی بہتری کے لیے فوری ایکشن لیں۔

ان اراکین نے یورپی یونین سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھارت، پاکستان اور کشمیری عوام کے نمائندوں کے مابین مذاکرات کے انتظامات کرے اور اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے دونوں ملکوں پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے آمادہ کریں تاکہ یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جاسکے۔

علی رضا سید نے اپنے بیان میں کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خراب صورتحال پر یورپی پارلیمنٹ کے سولہ اراکین کا خط بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو دنیا کے سامنے لانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کئی دہائیوں سے خراب ہے اور اب پانچ اگست 2019 سے جب سے بھارت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی ہے، اس خطے کی صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ذرائع اور اثرورسوخ کو استعمال کرکے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں کو رکوائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید