لاہور( این این آئی)شوبز سے وابستہ شخصیات نے کورونا وائرس کا شکارہونے والے سینئر اداکار مصطفی قریشی اور ماڈل سنبل اقبا ل کی جلد صحتیابی کیلئے دعائیں کی ہیں ۔ میڈیا میں مذکورہ اداکاروں کے کورونا وائرس کی رپورٹس مثبت آنے پر ساتھی اداکاروں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کی دعائیں کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ سینئر اداکار شاہد ،ندیم بیگ،شفقت چیمہ ،شان، سنگیتابیگم،بہار بیگم، سید نور ،ماریہ واسطی،عدنان جیلانی،ذوالقرنین حیدر،نعمان اعجاز، حیدر سلطان، سجل علی ، کبریٰ خان سمیت دیگر نے اپنے بیانات میں کہا کہ سینئر اداکار مصطفی قریشی،عدنان صدیقی اور ماڈل سنبل اقبال کے کوروناوائرس سے متاثر ہونے کی اطلاعات پریشان کن ہیں ، رب کی ذات سب کواپنے حفظ و امان میں رکھے اور کورونا سے متاثرہ تمام مریضوں کو صحتیابی دے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباء سے نظام زندگی معطل ہے ،خدا کی ذات سے دعا ہے کہ ہمیں اس وباء سے جلد سے جلدچھٹکارا دے۔ مذکورہ شخصیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا وباء میں احتیاط برتیں اورماسک کا استعمال لازمی کریں۔