• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کا غلام بنا دیا،سینیٹر مشتاق

پشاور(جنگ نیوز) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کا غلام بنا دیا، وزیر آعظم کا کشمیر میں ریفرنڈم کرانے کا بیان پاکستان کی کشمیر کی پالیسی سے انحراف ہے ان خیا لا ت کا اظہار انھو ں نے ، المرکز الاسلامی سنگوٹہ سوات جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی صوبائی مجلس شوریٰ کے دوروزہ اجلاس سے خطا ب میں کیا ،جس میں صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع، نائب امراء مولانا محمد اسماعیل، عنایت اللہ خان، مولانا تسلیم اقبال، نورالحق، ڈپٹی سیکرٹری جنرلز مولانا حنیف اللہ، شاہ حسین اور صہیب الدین کاکا خیل سمیت اراکین شوریٰ نے شرکت کی ۔اپنے زیر صد ار ت اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا ئی ،تین سالوں میں مہنگائی،بے روزگاری، لوڈشیڈنگ، پٹرول، ڈیزل اور ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو کسی قسم کا ریلیف نہیں ملا۔ حکومت نے عوام کو روزگار، روٹی، کپڑا اور مکان دینے کی بجائے لنگر خانوں اور پناہ گاہوں میں ڈال دیا ہے۔ ملک کو آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کا غلام بنا دیا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کی خوشنودی کے لئے عجلت میں قوانین بنائے گئے لیکن پاکستان گرے لسٹ سے نہ نکل سکا۔ سامراجی آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے وقف پراپرٹی بل، گھریلو تشدد بل اور میوچل لیگل اسسٹنس کریمنل میٹر جیسے بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے پاس کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جوشعائر اسلام، خاندان اور ملک کی تباہی کا باعث ہیں۔ ہم قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر لائے جانے والے بلوں کے خلاف مزاحمت کریں گے۔انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو حقوق دلانے کے لئے 06 اگست سے 14اگست تک جے آئی یوتھ کے زیر اہتمام چترال سے وزیرستان تا پشاور کاروانِ انقلاب روڈ کاروان چلائیں گے۔ کاروانِ انقلاب روڈ کاروان کا آغاز 6 اگست کو چترال سے ہوگا اور صوبے کے تمام اضلاع سے گزرتے ہوئے 13 اگست کو وزیرستان اور 13اور 14اگست کی درمیانی رات پشاور پہنچے گا، جہاں باب خیبر پر یوم آزادی کے حوالے سے بڑا پروگرام منعقد ہوگا۔ روڈ کارواں سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امیر لیاقت بلوچ، جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل، ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان آصف لقمان قاضی و دیگر مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔
پشاور سے مزید