اسلام آباد (طارق بٹ) جہلم کے ڈپٹی کمشنر اور کنٹونمنٹ بورڈ کے سی ای او کے درمیان محاذ آرائی نے شدت اختیار کرلی ہے۔ دونوں نے ایک دوسرے کو قانون پر عمل کے حو الے سے خبردار بھی کیا۔ سی ای او غلام محمد ابڑو اور ڈپٹی کمشنر رائو پرویز اختر کے قریبی ذرائع نے ایک دوسرے کو لکھے گئے خطوط کی توثیق کی۔ متنازع ڈپٹی کمشنر کی جانب سے شجرکاری مہم کے لئے طلب کئےگئے اجلاس میں سی ای او کی عدم شرکت پر شروع ہوا اور ان سے وضاحت طلب کی گئی۔جوابی خط میں سی ای او نے ڈپٹی کمشنر کے وضاحت طلب کرنے پر ان کی قواعد و ضوابط سے عدم واقفیت پر حیران کااظہار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کا خط معمول کی ڈاک سے بھیجا گیا جسے سی ای او دفتر کے پورے اسٹاف نے پڑھا۔ سی ای او نے ڈپٹی کمشنر سے غیر مجاز خط واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔