اسلام آباد (این این آئی) نیپرا نے نیلم جہلم پن بجلی گھر منصوبے کا ٹیرف بڑھانے کی واپڈا کی درخواست رد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے نیلم جہلم پن بجلی گھر منصوبے کا ٹیرف بڑھانے کی واپڈا کی درخواست رد کر دی ہے۔نیپرا کے مطابق (ن) لیگی دور میں بننے والے نیلم جہلم منصوبے کی تعمیری لاگت 506ارب روپے پر پہنچ گئی ہے ۔ نیپرا کے مطابق ایکنک نے منصوبے کی لاگت میں اضافہ پر اعتراض لگایا اور منصوبے کی لاگت میں اضافہ کی منظوری نہیں دی ۔نیپرا نے نیلم جہلم منصوبے کے نظر ثانی شدہ ٹیرف درخواست پر واپڈا سے منصوبے کی تعمیر، ٹھیکے، غیرملکی قرضوں اور دیگر15سوالات پوچھے تھے ،واپڈا نے 30سالہ مدت کیلئے نیلم جہلم کا اوسط ٹیرف 10.30فی یونٹ مانگا تھا ۔نیپرا نے منصوبے کیلئے 2018 میں 9.11 روپے فی یونٹ کو اوسط ٹیرف دیا تھا ،واپڈا نے نظر ثانی درخواست میں منصوبے کا ٹیرف بڑھانے کی درخواست دی تھی ۔ نیپرا کے مطابق نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کی تعمیری لاگت میں اضافہ کی ابھی ایکنک نے حتمی منظوری نہیں دی۔ نیپرا کے مطابق صرف حکومت کی طرف سے لاگت میں اضافہ کی منظوری کی صورت میں قانونی طور پر ٹیرف بڑھایاجا سکتا ہے ۔