اسلام آباد(طارق بٹ) ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے استحقاق کے لئے دستاویزات 30دنوں میں حوالے کرنی ہوں گی، یہ اقدام ایک ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے حامل کا پاسپورٹ منسوخ ہونے پر اٹھایا گیا ہے، جسے اپنی اعلی حیثیت کی علامت بنالیا گیا ہے۔ سیکڑوں اعلی حکومتی اہلکاروں اور کابینہ ارکان کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کئے گئے ہیں۔ لیکن اپنی سرکاری حیثیت کھودینے کے 30دنوں کے اندر انہیں اپنے یہ ڈپلومیٹک پاسپورٹ حکومت کو واپس کردینے ہوں گے۔ انہیں 5سال مدت کے لئے عام پاسپورٹ جاری کردیئے جائیں گے۔ ڈپلومیٹک پاسپورٹ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت امور خارجہ خود منسوخ کریں گے۔ سابق صدور، وزرائ اعظم ،سینٹ چیئرمین اور اسپیکرز قومی اسمبلی ، ان کی اہلیہ، شوہر اور بچے بھی ڈپلومیٹک پاسپورٹس کے حق دار ہیں۔ سابق چیئرمین سینٹ وسیم سجاد نے رابطہ کرنے پر کہا کہ ڈپلومیٹک پاسپورٹس کی حامل شخصیات کو پہلے متعدد ممالک کے لئے ویزا درکار نہ تھا۔ لیکن وقت کے ساتھ ان میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم کسی بھی یورپی ملک نے ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے حامل کو ویزوں سے استثنا نہیں دیا ۔