• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے ٹریول امبر واچ لسٹ متعارف کرانے کا منصوبہ ترک کردیا وبا میں سفر کو سادہ اور متوازن رکھنا چاہتے ہیں، بورس جانسن

لندن (سعید نیازی/ہارون مرزا) حکومت نے ٹریول لسٹ کیٹیگری ’’امبر واچ لسٹ‘‘ متعارف کرانے کا منصوبہ ترک کردیا ہے۔ امبر واچ لسٹ میں ایسے ممالک کو شامل کیا جانا تھا جنہیں کیسز بڑھنے کی صورت میں کسی بھی وقت ریڈ ٹریول لسٹ میں شامل کیا جاسکتا تھا۔ وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ وہ وبا کے دوران سفر کو سادہ اور متوازن طریقہ کار کے تحت جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ حکومت کے مجوزہ منصوبے پر ٹریول انڈسٹری کے علاوہ حکومت اراکین پارلیمنٹ نے بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ اس سے لوگوں کی سفر کے حوالے سے حوصلہ شکنی ہوگی، حکومت رواں ہفتہ جمعرات کو اوورسیز ٹریول کے حوالے سے ٹریفک لائٹ سسٹم پر نظرثانی کرے گی۔ مسافروں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر امبر لسٹ میں شامل کسی ملک میں کیسز بڑھے تو اسے ریڈلسٹ میں شامل کیا جاسکتا ہے، جس کے بعد وبا سے صرف برطانوی شہری ہی برطانیہ آسکیں گے اور انہیں یہاں پر میڈیکل میں قرنطینہ اختیار کرنا ہوگا۔ وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ انہیں لوگوں کے بیرون ملک جانے کی خواہش کا احساس ہے لیکن وہ نئے ویرئنٹ کو برطانیہ داخل ہونے سے روکنا چاہتے ہیں، بورس جانسن کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک کی نسبت برطانیہ کی سوسائٹی اور اکانومی ’’ زیادہ اوپن‘‘ ہے تاہم اب بھی احتیاط کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ایئر ٹریول انڈسٹری باڈی ایئر لائنز یو کے کے چیف ایگزیکٹو ٹیم الڈر سلیڈ نے کہا کہ یہ ’’کامن سینس‘‘ کی فتح ہے۔ انہوں نے حکومت سے مزید ممالک کے گرین لسٹ میں شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ لیبر پارٹی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ واچ لسٹ کے منصوبے کو ختم کرنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹوریز سرحدی پالیسیوں کے حوالے سے انتشار کا شکار ہیں۔ شیڈو ٹرانسپورٹ سیکرٹری جم میکموہن نے کہا کہ حکومت اس فیصلے کے ضمن میں ڈیٹا شائع کرے۔ ہر ملک میں انفیکشن ریٹ سامنے آنے سے مسافروں کو سفر کرنے کے حوالے سے اعتماد ملے گا۔

تازہ ترین