لاہور(جنگ نیوز) نذیر چوہان کی تحریری معافی ’’ شہزاد اکبر سے متعلق الزامات پر معذرت خواہ ہوں‘‘قبول،شہزاد اکبر نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہاکہ نذیر چوہان کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں۔منگل کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جہانگیرترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان نے وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبر سے تحریری معافی بھی مانگ لی، نذیر چوہان نے شہزاد اکبر سے باضابطہ معافی مانگتے ہوئے تحریری بیان میں کہا کہ شہزاد اکبر سے متعلق الزامات پر معذرت خواہ ہوں۔دوسری جانب وزیراعظم کے مشیرشہزاد اکبر نےنذیر چوہان کو معاف کردیا اور اپنا بیان حلفی بھی جمع کرادیا ۔ شہزاد اکبر کی جانب سے جمع کرائےگئے بیان حلفی میں کہا گیا ہےکہ نذیر چوہان نے اپنی غلطی تسلیم کرلی ہے ،بے بنیاد الزامات پر معذرت بھی کرلی ہے ، ان کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا، اللہ کےنام پر معاف کر دیا ہے۔اُدھر سیشن کورٹ نے نذیر چوہان کی درخواست ضمانت اورصلح نامہ کی تصدیق کے لیے شہزاد اکبر یا ان کے نمائندے کو آج طلب کر لیا ہے۔