برسلز (عظیم ڈار ) ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوسر نے کہا ہے کہ ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کی 11مئی کے احتجاجی مظاہرے کی تیاریاں عروج پر ہیں پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی سماجی مذہبی کاروباری اور طلبہ تنظیموں کی سرکردہ شخصیات مل کر مظاہرے کو کامیاب بنائیں گی۔ انھوں نے کہا ہےکہ پاکستان اس وقت شدید دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے دہشت گردی سے نبٹنے کیلئے پاکستان پچھلے دس سال میں ساٹھ ہزار سے زائد لوگوں کو نہ صرف گنوا چکا ہے بلکہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے ابھی بھی نادیدہ قوتوں سےنبرد آزما ہے جبکہ پاکستانی فوج نے انڈیا کے حاضر سروس کمانڈر کلبوشن یادو اور کئی دیگر ایجنٹوں کو کلبوشن یادو کی نشاندہی پر گرفتار کیا ہے جنہوں نے پاکستان کے کئی شہروں میں دہشت گردی کی وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کا مقصد بھارت کے چہرے سے نقاب اتارکر یورپی یونین اقوام متحدہ اور دیگر عالمی قوتوں کو بتانا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جبکہ بھارت،پاکستان میں دہشت انگیز وارداتیں کرواکر پاکستان کو بدنام کرنے کی مذموم کوششیں کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ ایک غیر سیاسی پلیٹ فارم ہے جس میں پاکستانی کمیونٹی کی تمام قسم کی تنظیمیں اس کی چھتری تلے اکھٹے ہو کر یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انڈین ایمبسی برسلز کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گی کہ بھارت ،پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی جارہانہ کاروایاں بند کرے تاکہ خطے میں امن و امان کی فضا کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں شریک مسلم لیگ ن بلجیم کے چیئرمین شیخ الیاس نےکہا کہ ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے پاکستان کی خاطر مظاہرہ منعقد کرنا قابل تحسین ہے جس کا سارا سہرا چوہدری پرویز اقبال لوسر کو جاتا ہے ۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی بلجیم کے قائم مقام صدر شیخ شکیل نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کا اضافہ ایک نئی نوید کا پیش خیمہ ثابت ہوگا ۔پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے چیئرمین شیخ ماجد نے چوہدری پرویز اقبال لوسر کو ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کے قیام پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انھیں یقین دلایا کہ وہ11مئی کے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں گے ۔ پی پی پی بلجیم کے سرپرست ملک اخلاق اعوان نے کہا کہ ہمیں مظاہرے کو کامیاب بنانے کے لئے اپنے گھروں سے نکلنا ہوگا ۔پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے سنئیر رہنما غلام ربانی المعروف بابو بھائی نے کہا کہ ہمیں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کی شکل میں ایک ایسا فورم ملا ہے جس کے ذریعے ہم نہ صرف سیاسی پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر سکتے ہیں بلکہ ان کی ناراضگیاں بھی دور کر کے کمیونٹی کے دیرینہ مسائل کا حل کر کے کمیونٹی میں پھیلی عدم تخفظ کی فضا کو دور کر سکتے ہیں۔ حاجی شاہد فاروقی نے کہا کہ ہمیں آج یہ دیکھنا ہو گا کہ پچھلے پچاس سال سےز ائد عرصہ سے ہماری سیاسی سماجی پارٹیاں آج تک کمیونٹی کو ایک کمیونٹی سنٹر تک نہیں دے سکیں۔برسلز کی معروف کاروباری شخصیت اظہر دستگیر نے کہا کہ ہمیں احتجاجی مظاہرے کو کامیاب بنا کر پاکستان کو مضبوط کرنا ہے۔پی ٹی آئی بلجیم کے سنئیر رہنما سلیم میمن نے کہا کہ ہمیں آپس میں ذہنی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی ضرورت ہے اور ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن ایک ایساپلیٹ فارم ہے جس سے ہم اپنے آج اور کل کو مخفوظ بنا سکتے ہیں۔پی ٹی آئی بلجیم کے سنئیر رہنما زاہد بھدر نے کہا کہ ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن ایک محب وطن تنظیم ہے ہمیں پاکستان سے محبت کے جذبے کو سرشار کرنے کیلئے11مئی کے مظاہرے کو کامیاب کرنا ہوگا ۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے حاجی شاہد فاروقی نے کیا ۔ پروگرام میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے اغراض و مقاصد پر چوہدری پرویز اقبال لوسر نے تفصیلی روشنی ڈالی اور بتایا کہ فیڈریشن کے چیف پیٹرن ہاؤس ف لارڈ کےممبر لارڈ نذیر 23مارچ کو برسلز میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن بلجیم کی باقائدہ تنظیم سازی کے لئے آئیں گے۔ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپی یونین کے28ممالک اور40شہروں میں رجسٹرڈ کروائی گئی ہے جس کا بنیادی مقصد کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور پاکستان کے امیج کو بہتر کرنے اور یورپ کے ممالک کے مابین پاکستان کے تعلقات کو مثبت بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔