• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوہستانی علاقے میں پر اسرار بیماری پھیلنے سے سیکڑوں مویشی ہلاک

کوٹری (نامہ نگار) ضلع جامشورو کے کوہستانی علاقے کے مویشیوں میں پراسرار بیماری پھیلنے کے سبب ایک ماہ کے دوران تین اونٹ اور سیکڑوں بکریاں اور بھیڑیں ہلاک ہوگئیں ۔تھانہ عارب خان کے گوٹھ خانانی میں گزشتہ دنوں ساجن شہنو کی ایک اونٹنی اور ایک اونٹ ہلاک ہوگئے۔ گوٹھ واہی عارب خان میں عطامحمد برفت کا ایک اونٹ بیماری کے سبب مرگیا مویشی مالکان کا کہنا ہے کہ اونٹوں میں پراسرار بیماری پھیل رہی ہے انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں اونٹ کی سانس میں تکلیف ہونے کے بعد منہ سے رال کاا خراج ہوتا ہے جس سے اونٹ کا اگلا حصہ سوکھ جاتا ہے اور تین دن کے اندر اندر اونٹ کی ہلاکت ہوجاتی ہے ۔دوسری جانب گوٹھ صالو خانانی میں ایک ماہ کے دوران حاکم علی ،گل محمد ،وارث ،میاں بخش اور دیگر مویشی مالکان کے 40سے زائد مویشی ،بکریاں اور بھیڑیں پراسرار بیماری کے سبب مرگئیں اسی دوران علاقے کے گوٹھوں موٹیو شہنو،اسحاق برفت ،گوٹھ فیروز کا سوٹو ،گوٹھ بچھو باریجو ،گوٹھ سنہیرو،گوٹھ امین کا سوٹواور دیگر کئی گوٹھوں کے مویشیوں میں بیماریوں پھیلنے کے سبب سیکڑوں کی تعداد میں مویشی موت کے منہ میں چلے گئے ہیں بالخصوص بکریاں اور بھیڑوں میں پھپھڑوں ،ٹی بی اور دیگر بیماریوں کے سبب مویشی مالکان کے فارم کے فارم خالی ہوگئے ہیں جبکہ علاقے میں مویشیوں کے علاج کے لیے کوئی سہولت نہ ہونے کے سبب مالکان سخت پریشان ہیں تعلقہ ہیڈ کوارٹر تھانہ بولا خان کے واحد وٹرنری اسپتال میں ڈاکٹراور ادویات نہ ہونے کے باعث مویشی مالکان اپنے طورپر جانوروں کا مہنگے داموں علاج کرانے پر مجبورہیں۔
تازہ ترین