مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا قومی احتساب بیورو اور حکومت تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ 3 سال میں عدالتوں اور عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، شہبازشریف کےخلاف نئی انکوائری نیب نیازی گٹھ جوڑ کی غنڈہ گردی ہے۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ منی لانڈرنگ، نام نہاد احتساب کا عمران صاحب کا بیانیہ نیست و نابود ہوچکا ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ کو آٹا، چینی، بجلی گیس، ایل این جی اسکینڈلز نظر نہیں آتے، شرم آنی چاہیے، نیب ایگزیکٹو بورڈ کو اربوں روپے کے رنگ روڈ اسکینڈل، دوائی اسکینڈل دکھائی نہیں دیتے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مہنگی اور تاخیر سے منگوائی جانے والی ایل این جی کے اربوں روپے کا اسکینڈل نیب کو ’کیس‘ نظر نہیں آتا، نیب کو عمران صاحب کا ہیلی کاپٹر کیس نظر آتا ہے نہ دوائی چور، نہ ایل این جی چور نظر آتا ہے نہ وزیر مشیر نظر آتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران صاحب چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے جائیں تو کمیشن بنادو، وزیر مشیر پکڑے جائیں تو وزارت بدل دو، واہ عمران صاحب۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب اے ٹی ایمز اور مافیاز کو سہولت دیں لیکن نیب کو نظر نہیں آتا، یہ تماشا اور بھونڈا مذاق بند کرنا ہوگا۔